Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب میں کورونا کا پھیلاؤ 25 فیصد کم

پاکستان میں مجموعی ایکٹو کیسز کی تعداد 77 ہزار پانچ سو 73 ہے۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے انسداد کے لیے تکنیکی مدد فراہم کرنے والی کمیٹی ’کورونا ایڈوائزری گروپ‘ نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا کے پھیلاؤ میں واضح کمی آئی ہے۔
گروپ کے سربراہ ڈاکٹر محمود شوکت نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مئی کے آخر اور جون میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح 31 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
’جولائی کے پہلے دو ہفتوں میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح چھ فیصد ہو گئی ہے، یعنی پچیس فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ تاہم اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ ہمیں مزید احتیاط کی ضرورت نہیں، خاص طور پر عید قربان پر لوگوں کو ان احتیاطی تدابیر پر زیادہ عمل کرنا چاہیے جو حکومت کی طرف سے جاری کی گئی ہیں۔ کیونکہ وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کے امکانات بھی اتنے ہیں جتنے کہ پہلے پھیلاؤ کے۔‘ 
انہوں نے بتایا کہ کورونا کے ٹیسٹ پہلے سے کم کرنے کی وجہ وائرس کے پھیلاؤ میں واضح کمی ہے۔
ڈاکٹر محمود شوکت کے مطابق حکومت اپنے ٹیسٹ بڑھانے کی استعداد کار میں بھی اضافہ کر رہی ہے کیونکہ یہ ایک نیا وائرس ہے اور صورت حال میں کسی بھی وقت تبدیلی آ سکتی ہے۔
پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے دو ہزار ایک سو 65 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس مہلک وبا سے 67 ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد دو لاکھ 55 ہزار سے زیادہ ہے، اموات کی تعداد پانچ ہزار تین سو 86 ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 61 افراد کی ہلاکت ہسپتالوں جبکہ چھ کی ہسپتال کے باہر ہوئی ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں سامنے آئے۔ فوٹو اے ایف پی

ملک بھر میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی مجموعی تعداد 77 ہزار پانچ سو 73 ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 21 ہزار سات سو 49 ٹیسٹ کیے گئے۔
سب سے زیادہ ٹیسٹ صوبہ سندھ ہوئے۔ سندھ میں نو ہزار نو سو 72، پنجاب میں سات ہزار ایک سو 75، خیبر پختونخوا میں 15 سو 75، اسلام آباد میں دو ہزار تین سو 33، بلوچستان تین سو پانچ گلگت بلتستان 69 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں تین سو 20 افراد کے ٹیسٹ ہوئے۔
پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ایک لاکھ 72 ہزار سے زیادہ لوگ صحت یاب ہوئے ہیں۔
بلوچستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کوئی بھی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں ہے۔

سندھ

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ چھ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں 34 افراد ہسپتال جبکہ تین کی افراد کی موت ہسپتال کے باہر ہوئی۔ سندھ میں اب تک ایک ہزار آٹھ سے 63 افراد اس وبا سے ہلاک ہوئے۔

پنجاب

پنجاب میں گذشتہ ایک دن میں 15 افراد ہلاک ہسپتال اور دو ہسپتال کے باہر ہلاک ہوئے۔ اب تک پنجاب میں کورونا وائرس سے دوہزار 43 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

کورونا کے زیادہ بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب کئی علاقے سیل کیے گئے۔ فوٹو: اے ایف پی

خیبرپختونخوا

گذشتہ ایک دن میں خیبر پختونخوا میں آٹھ افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے، کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار ایک سو 14 ہے۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گذشتہ ایک دن میں ایک شخص اس وبا سے ہلاک ہوا ہے، مجموعی تعداد ایک سو 55 ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں بھی گذشتہ ایک دن میں ایک مریض کورونا وائرس سے ہلاک ہوا، مجموعی تعداد ایک سو 27 ہے۔
گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی گذشتہ ایک دن میں ایک ایک فرد کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے۔ گلگت بلتستان میں اموات کی مجموعی تعداد  38 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 46 ہے۔

ہیلتھ کیئر ورکرز کی خصوصی تربیت

وزیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ نئے کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں کمی کا سہرا فرض شناس ہیلتھ ورکرز کے سر بھی ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے ٹوئٹر پر ہیلتھ کئیر ورکرز کا قوم کے نام ویڈیو پیغام شئیر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہیلتھ کیئر ورکرز کا عزم و ہمت کورونا سے نمٹنے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔

کوئٹہ میں ایس او پیز کے تحت کاروبار کھولنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ فوٹو اے اہف پی

انہوں نے کہا کہ ’وی کیئر‘ کے تحت ملک بھر میں ایک لاکھ سے زائد ہیلتھ ورکرز کو حفاظتی سامان کے درست استعمال بارے خصوصی تربیت دی جا رہی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کے اس قدام کی ستائش کی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے مزید کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر شہری مویشی منڈیوں کے حوالے سے جاری کی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور عید کے روز بھی عید گاہوں میں ماسک کا استعمال اور آپس میں چھ فٹ کا فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

شیئر: