کابل میں مشہور ’کپ آف ٹی‘ کے بعد دہشت گردی کی واپسی ہوئی، وزیر خارجہ اسحاق ڈار
اتوار 27 جولائی 2025 10:31
اسحاق ڈار نے دورہ امریکہ کے دوران وزیر خارجہ مارکو روبیو سے بھی ملاقات کی۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک ڈیفالٹ سے نکل آیا ہے اور تمام مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی بہتری کے متعرف ہیں۔
نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان سفارتی طور پر متحرک ترین ملک ہے اور حکومت کا مقصد ملک کو جی20 میں شامل کرنا ہے۔
انہوں نے افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لیے گزشتہ دو سالوں میں بہت زیادہ کام کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کی ریل لائن کو افغانستان کے ساتھ جوڑنے کا منصوبہ ایک بڑی کامیابی ہے جس کے ذریعے پوری دینا کے ساتھ جڑ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم ایک کپ آف ٹی کے لیے تو کابل چلے جاتے ہیں، دا فیمس کپ آف ٹی جس سے ملک میں دہشت گردی کی واپسی ہوئی، اور اس کے بعد خطرناک مجرموں کو تو چھوڑ دیتے ہیں اور سرحدوں کو کھول دیتے ہیں کہ ٹی ٹی پی والے ہمارے بھائی ہیں آ جائیں۔‘
انہوں نے کہا کہ اس دور میں 35 سے 40 ہزار ٹی ٹی پی کے دہشت گرد واپس آئے جن میں انتہائی خطرناک مجرم بھی شامل ہیں جنہوں نے سوات میں پاکستان کا جھنڈا جلایا تھا۔
اسحاق ڈار نے مسلم لیگ ن کے دور حکومت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر کیری اور جو بائیدن اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف سے کہتے تھے کہ ’اگر آپ فاٹا سے دہشت گردوں کو ختم کر دیں تو آپ دنیا کے ہیرو ہوں گے۔‘
