Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اٹھارویں ترمیم: ’کورونا ہو یا نہ ہو ہم سڑکوں پر آئیں گے‘

بلاول بھٹو کے مطابق پیپلز پارٹی’مائنس ون‘ کے فارمولے پر یقین نہیں رکھتی۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اگر اٹھارویں ترمیم پر حملہ ہوا تو سڑکوں پر آنے کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں رہے گا۔
پیر کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کورونا ہو یا نہ ہو، اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ پر حملہ ہوا تو ہم سڑکوں پر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہونے کے ناطے ’مائنس ون‘ کے فارمولے پر یقین نہیں رکھتی، یپلز پارٹی جمہوری طریقہ اپنائے گی، مائنس ون ہو یا مائنس ٹو، جمہوریت مائنس نہیں ہونی چاہیے۔
وزیراعظم عمران خان کے ’آخری آپشن‘ کے بیان کے حوالے سے بلاول نے کہا کہ یہ بیان سیاسی جماعتوں کے لیے نہیں تھا بلکہ کسی اور کے لیے تھا کہ ان کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہر فورم پر ناکام ہو گئی ہے اور وزیراعظم عمران خان کا وجود معیشت اور جمہوریت کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔
نیب کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر کوئی احتساب کا نظام موجود ہے تو سب کے لیے ایک جیسا ہونا چاہیے۔
’جے آئی ٹی کی گیم خود حکومت کے گلے پڑ گئی ہے، جتنی بھی جے آئی ٹیز لے آئیں کسی کے دباؤ کا شکار نہیں ہوں گے۔‘
لاپتہ افراد کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہیے، ریاست کا کام لوگوں کو ڈھونڈنا ہے، لاپتہ کرنا نہیں۔
انہوں نے امریکہ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہاں کوئی شہری لاپتہ ہو جائے تو سی آئی اے اور ایف بی اے اس کو ڈھونڈنے میں لگ جاتی ہیں۔

بلاول بھٹو کے مطابق حکومت جان بوجھ کر کورونا کے کم ٹیسٹ کر رہی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے، پی ٹی آئی کی حکومت کرپشن میں ڈوبی ہوئی ہے۔
’وزیراعظم نے ہر ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھایا، ہر حکومتی وزیر پر الزامات ہیں۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ مالم جبہ، بی آر ٹی اور بلین ٹری منصوبوں میں بھی بڑے پیمانے پر کرپشن ہوئی۔
’ملک میں یہ پہلی بار شرح نمو نفی میں چلی گئی ہے ایسا تو سنہ اکہتر میں بھی نہیں ہوا تھا‘
 بلاول بھٹو نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کہا کہ کہا عمران خان نے کشمیریوں کو لاوارث چھوڑ دیا ہے۔
’پہلے ہر حال میں تمام لوگ مسئلہ کشمیر پر اکٹھے ہوتے تھے لیکن یہ پہلے اور آخری وزیراعظم ہیں جو قوم کو اس پر متحد نہیں کر سکے۔‘

 بلاول نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کو تنہا چھوڑ دیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی

انہوں نے کورونا کے ٹیسٹ کے حوالے سے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کم سے کم کر رہی ہے، کورونا کے مسئلے پر عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔
’سندھ میں کورونا کی ٹیسٹنگ تمام صوبوں سے زیادہ ہو رہی ہے۔‘
اپوزیشن کی آئندہ حکمت عملی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جب شہباز شریف کی طبعیت بہتر ہوجائے گی تو اے پی سی بلا کر مشاورت کریں گے۔
انہوں نے جہانگیر ترین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے وہ نا اہل تھے، اب بھگوڑے بن گئے ہیں۔

شیئر: