Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ ائیرپورٹ پر گرین ٹیکسی سروس کا آغاز

ویژن 2030 کے مطابق جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا حصہ ہے۔(فوٹو سبق)
جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نئے ٹرمینل سے نئی گرین ٹیکسی سروس کا آغاز کردیا گیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس سے پہلے گرین ٹیکسی سروس کا آغاز دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہوا تھا، اب جدہ میں بھی تمام ائیر پورٹ ٹیکسیوں کو سبز رنگ دیا گیا ہے۔

نگراں کیمرہ اور ٹریکنگ سسٹم عربی اور انگریزی زبانوں میں منسلک ہے۔(فوٹو سبق)

ٹیکسی سروس کی یہ تبدیلی صرف بیرونی ظاہری شکل یا داخلی خصوصیات تک ہی محدود نہیں بلکہ انتہائی ترقی یافتہ سروس ہے۔
اس موقع پر ٹیکسی سروس کے منصوبے کے نگران ناصر بن ظلیف نے کہا ہے کہ  2020 ماڈل کی 1200 گاڑیوں کو ایئرپورٹ ٹیکسی کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔
ان ٹیکسیوں میں دیگر تمام سہولتوں کے علاوہ آن لائن ادائیگی کی سہولت  بھی موجود ہے۔

یہ تبدیلی ظاہری شکل یا داخلی خصوصیات تک ہی محدود نہیں(فوٹو سبق)

اس سروس کا مقصد ٹیکسی سیکٹر کو محفوظ گاڑیوں کے ساتھ تکنیکی ترقی میں پیش قدمی ہے تا کہ سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر نقل و حمل کا نظام مزید بہتر بنایا جا سکے۔
ائیرپورٹ ٹیکسی خدمات مہیا کرنے والی کمپنی الصفوہ نے رواں سال کے آغاز میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے وزیر ٹرانسپورٹ اور جنرل ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی کے سربراہ اور جنرل اتھارٹی سول ایوی ایشن کے سربراہ کی موجودگی میں اس سروس کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے پہلی خدمت کا افتتاح کیا تھا۔

رواں سال کے آغاز میں ریاض ائیر پورٹ سے اس سروس کا آغٓاز ہوا(فوٹو سبق)

ناصر بن ظلیف نے مزید بتایا ہے کہ 2020 ماڈل کی ان گاڑیوں میں جسے کمپنی نے خاص طور پر ائیرپورٹ سروس کے لیے تیار کیا ہے ان میں جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی ہدایات کے مطابق موبائل ٹریکنگ کی خصوصیت کے ساتھ ایمرجنسی بٹن اور سمارٹ سکرین نصب ہے جس میں سیکیورٹی مانیٹرنگ کے لئے کیمرہ بھی لگایا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی بینک کارڈ کے ذریعے کرایے کی ادائیگی کے لیے آن لائن کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔
نگراں کیمرہ  اور ٹریکنگ سسٹم ٹیکسی سکرینوں سے عربی اور انگریزی دونوں زبانوں کے ساتھ  منسلک ہے۔
یہ سعودی ویژن 2030 کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی اور جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا حصہ ہے۔
گرین ٹیکسی سروس کے آغاز پر المجدوعی موٹرز کے صدر  یوسف بن علی المجدوعی نے کہا کہ ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ پر گرین ٹیکسی منصوبے کے پہلے مرحلے کی کامیابی سے اعتماد کو تقویت ملی۔ سعودی عرب کے ائیرپورٹس پر پہنچنے والے مسافروں کی خدمت کے لئے یہ صحیح اقدام  ہے جس سے اطمینان کا احساس ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی ویژن 2030 کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ہمیں  پبلک ٹرانسپورٹ سروس کی ترقی اور پائیدار نقل و حمل کے لئے مستقبل کے منصوبوں پر عمل درآمد کرنے میں نجی شعبے کی حیثیت سے حصہ لینا چاہئے۔
 

شیئر: