Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قربانی کا گوشت کیسے محفوظ رکھا جائے؟

گوشت فریز کرنے سے قبل اچھی طرح پیک کریں- فوٹو سوشل میڈیا
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) نے کہا ہے کہ  قربانی کا گوشت ریفریجریٹر  کے نچلے حصے میں  اچھی طرح بند برتنوں میں رکھنے کا اہتمام  کریں۔ گوشت سے فروزن کھانوں پر خواہ وہ پکے ہوئے ہوں یا تازہ ہوں سیال مادہ ٹپکنے سے روکنے کے لیے یہ احتیاط ضروری ہے۔ احتیاط نہ  کرنے پر دوسرے کھانے آلودہ ہوسکتے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ایس ایف ڈی اے ان دنوں مملکت بھر میں قربانی کے گوشت کے حوالے سے حفظان صحت کے ضوابط  کی آگاہی مہم چلائے ہوئے ہیں۔
ایس ایف ڈی اے نے بیان میں کہا کہ گوشت بیکٹریا کی افزائش کے لیے مثالی ماحول فراہم کرتے ہیں۔ گوشت کو خراب ہونے سے بچانے اور فروزن یا منجمد کرنے کی صورت میں ان کی غذائیت میں کمی سے بچنے کے لیے  ضروری ہے کہ گوشت ریفریجریٹر کے باہر یا فریزر کے باہر دو گھنٹے سے زیادہ نہ چھوڑا جائے۔ اس بات کی پابندی نہ کرنے پر درجہ حرارت بڑھنے کی صورت میں گوشت میں موجود مائیکروب بڑھ جاتے ہیں۔ 
ایس ایف ڈی اے کا کہنا ہے ’کہ اگر کوئی شخص قربانی کا گوشت فریزر میں محفوظ کرنا چاہتا ہے تو بہتر ہوگا کہ وہ اسے فریزر میں رکھنے سے قبل کم از کم چھ گھنٹے فریج میں رکھے۔ ایسا کرنے سے گوشت کی تازگی اور عمدگی برقرار رہتی ہے۔ گوشت فریج میں رکھنے سے قبل صاف ستھری تھیلیوں میں اچھی طرح پیک کرکے رکھیں اور پیکٹ بند کرنے سے قبل حتی الامکان اس کی ہوا نکال دیں اور پھر فریزر میں رکھیں۔ ‘
ایس ایف ڈی اے نے ایک مشورہ یہ بھی دیا کہ ریفریجریٹر یا فریزر میں گوشت رکھنے سے قبل ان کی چھوٹی چھوٹی بوٹیاں بنالی جائیں اور ایک پیکٹ میں اتنا گوشت رکھا جائے جتنا ایک بار استعمال کرنے کا ارادہ ہو۔ بعض لوگ گوشت کے بڑے بڑے پارچے یا بوٹیاں ایک ساتھ ایک پیکٹ میں جمع کرکے رکھ دیتے ہیں استعمال کرنے سے قبل اسے باہر نکالتے ہیں برف پگھلاتے ہیں اور پھر دوبارہ اسے فروزن کرتے ہیں یہ طریقہ کار غلط ہے اس سے  گوشت میں مائیکروب بڑھنے کا بڑا امکان رہتا ہے۔ 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: