پسند کی شادی پر بہن کو زندہ جلانے کا منظر، پاکستانی ڈرامہ ’رُسوا تیرے عشق میں‘ کا ٹیزر تنقید کی زَد میں
ڈرامے کو جیو انٹرٹینمنٹ اور پروڈیوسر بابر جاوید پیش کر رہے ہیں، جبکہ اذان سمیع خان اہم اداکاروں میں شامل ہیں (فوٹو: جیو انٹرٹینمنٹ)
پاکستانی ڈرامے ’رسوا تیرے عشق میں‘ کا ٹیزر ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر بحث چِھڑ گئی ہے۔ ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ پسند کی شادی کرنے پر ایک بھائی اپنی بہن کو آگ لگا دیتا ہے، جس پر صارفین کا شدید ردِعمل آیا اور ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا۔
جیو انٹرٹینمنٹ کی جانب سے 18 نومبر کو جاری کیے گئے ٹیزر میں اداکارہ وشمہ فاطمہ دُلہن کے رُوپ میں نظر آتی ہیں، جو اپنے بھائی سے معافی مانگتے ہوئے اُسے تشدد سے باز رہنے کی التجا کرتی ہیں۔
منظر میں وہ اپنے بھائی سے کہتی ہیں کہ ’مجھے معاف کر دیں بھائی، آج میری شادی ہے، بس محبت کرنے کی غلطی ہو گئی۔‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’میں نے اپنے ہاتھ مہندی سے رنگ لیے، آپ اپنے ہاتھ خُون سے کیوں رنگنا چاہتے ہیں؟‘
مگر اس کے بعد بھائی کا کردار ادا کرنے والے اذان سمیع خان جیب سے لائٹر نکالتے ہیں اور کمرے کو آگ لگا دیتے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا ردِعمل
ٹیزر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اس منظر پر سخت تنقید کی۔ متعدد صارفین نے سوال اٹھایا کہ ایسے معاشرے میں جہاں خواتین کو غیرت کے نام پر تشدد اور قتل ایسے واقعات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، وہاں اس نوعیت کے مناظر کس مقصد کے تحت دکھائے جا رہے ہیں؟
ایک صارف نے ڈرامے کی ٹیم پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ایک شخص کو اپنی بہن کو زندہ جلاتے دکھانا اور پھر اسے ایک بڑے کردار کے طور پر پیش کرنا انتہائی افسوس ناک ہے۔
ایک اور صارف نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو ٹیگ کرتے ہوئے سوال کیا کہ ایسے مناظر دکھانے کی اجازت کیسے دی جا سکتی ہے، جبکہ معاشرے میں خواتین پہلے ہی تشدد کا سامنا کر رہی ہیں؟

بعض صارفین نے لکھا کہ غیرت کے نام پر قتل ایک خوفناک حقیقت ہے، اسے کسی بھی صورت قابلِ فخر یا قابلِ قبول انداز میں پیش نہیں کیا جانا چاہیے، جبکہ کچھ افراد نے ڈرامے کے لکھاریوں اور پروڈیوسرز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
پاکستانی ڈراموں میں گھریلو تشدد، جبری شادیوں، خاندانی تنازعات اور غیرت کے نام پر جرائم جیسے موضوعات ہمیشہ سے پیش کیے جاتے رہے ہیں۔
تاہم ان کی عکاسی کا انداز اکثر بحث کا موضوع بنتا ہے، خصوصاً جب تشدد کرنے والے مرد کرداروں کو طاقتور یا بااثر انداز میں دکھایا جائے۔
’رسوا تیرے عشق میں‘ کے ٹیزر پر ہونے والی تنقید میں بھی زیادہ تر توجہ منظر کی عکس بندی اور پس منظر میں استعمال ہونے والی موسیقی پر دی جا رہی ہے۔
تاہم ابھی ڈرامے کی مکمل کہانی سامنے نہیں آئی، اس لیے صرف ٹیزر کی بنیاد پر یہ طے نہیں کیا جا سکتا کہ کہانی میں اس کردار کے عمل کی مذمت کی گئی ہے یا اسے دُرست ثابت کیا گیا ہے۔

ڈرامے کو جیو انٹرٹینمنٹ اور پروڈیوسر بابر جاوید پیش کر رہے ہیں، جبکہ اذان سمیع خان اس کے اہم اداکاروں میں شامل ہیں۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ ڈرامے کی مکمل کہانی میں اس حساس موضوع کو کس انداز میں پیش کیا جاتا ہے اور ناظرین کی جانب سے کیسا ردِعمل سامنا آتا ہے۔
واضح رہے کہ 18 نومبر تک جیو انٹرٹینمنٹ، ڈرامے کی پروڈکشن ٹیم یا اذان سمیع خان کی جانب سے اس تنقید پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا تھا، جبکہ ٹیزر کے حوالے سے پیمرا کی جانب سے تاحال کسی کارروائی کی بھی تصدیق نہیں ہوئی۔
