Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی بستیوں کی تعمیر میں ملوث کمپنیوں پر پابندیاں، سعودی عرب، پاکستان سمیت 15 ملکوں کا خیرمقدم

انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ پر پابندی کے فیصلے کو بھی سراہا ہے ( فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ اور آسٹریلیا نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی غیر قانونی آباد کاری کے جواب میں بستیوں کی تعمیر میں ملوث کمپنیوں کے خلاف پابندیاں عائد کی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب اور پاکستان سمیت پندرہ ملکوں کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں پابندیاں عائد کیے جانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
سعودی عرب، پاکستان، اردن، مصر، صومالیہ، انڈونیشیا، قطر، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، کویت، الجزائر، نائجر، فلسطین، لیبیا اور مالدیپ کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے والی ایک تنظیم پر پابندی کے فیصلے کو بھی سراہا۔
 وزرائے خارجہ نے جوابدہی کو یقینی بنانے کی تمام کوششوں کی سپورٹ کی جس میں موزوں بین الاقوامی اقدامات سمیت ای ون  آبادکاری منصوبے سمیت بستیوں کی توسیع اور الحاق کی پالیسیوں میں ملوث اداروں و افراد پر پابندیاں عائد کرنا شامل ہے۔
مشترکہ بیان میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری اسرائیل کے ای ون آباد کاری منصوبے خصوصا مشرقی بیت المقدس کے مشرق میں جاری آبادکاری کی سرگرمیوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا گیا۔
وزرائے خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ برطانیہ اور آسٹریلیا کے اس  فیصلے سے بین الاقوامی برادری کے دیگر ممالک کو بھی ایسے ہی اقدامات کی ترغیب ملے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی قانون، سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 (2016) اور عالمی عدالتِ انصاف کی 19 جولائی 2024 کی مشاورتی رائے کے عین مطابق ہیں۔
ان قرادادوں کے تحت تمام ریاستوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیل کے غیر قانونی قبضے سے پیدا ہونے والی صورت حال کو قانونی تسلیم نہ کریں اور نہ ہی اسے برقرار رکھنے میں کوئی تعاون یا مدد فراہم کریں۔
مشترکہ بیان میں اسرائیل پر زور دیا گیا کہ وہ آباد کاری کی سرگرمیاں،مقبوضہ علاقوں کی جغرافیائی و آبادیاتی حیثیت بدلنے کے تمام اقدامات فوری طور پر روک دے۔

 غزہ میں اسرائیلی فوجی جارحیت کی مذمت کی گئی، امن واستکام کو یقینی بنانے، انسانی بحران کے حل، تعمیر نو اور دیرپا امن کی بنیاد رکھنے کے لیے صدر ٹرمپ  ’غزہ تنازع کے خاتمے کے جامع منصوبے‘ کے مکمل اور فوری نفاذ پر زور دیا گیا۔
وزرائے خارجہ نے اس پات پر زور دیا کہ ایک منصفانہ اور پائیدار امن کا واحد راستہ دو ریاستی حل کا نفاذ ہے۔ بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چار جون 1967 کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔

 

شیئر: