Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شارجہ میں شائقین عجائب گھروں کا رخ کرنے لگے

عجائب گھر چار مرحلوں میں بحال کیے گئے ہیں۔(فوٹو خلیج ٹائمز)
  متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں کورونا وائرس کے باعث 4 ماہ کی بندش کے بعد جیسے ہی عجائب گھروں کے دروازے کھلے شائقین بڑی تعداد میں پہنچنے لگے۔
الامارات الیوم کے مطابق شارجہ عجائب گھروں کے ادارے نے وائرس سے بچانے کے لیے تمام ضروری حفاظتی انتظامات کررکھے ہیں۔
عجائب گھر کھلنے کے بعد شائقین کی تعداد بتدریج بڑھ رہی ہے۔ وزیٹرز نے عجائب گھر کھلنے پر پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ادارے نے وائرس سے بچاؤ کے لیے جو حفاظتی تدابیر کی ہیں وہ تسلی بخش ہیں۔  پورا اطمینان ہے کہ کسی بھی عجائب گھر میں وائرس لگنے کا کوئی خطرہ نہیں‘۔ 

شارجہ میں ہرعجائب گھر کیاپنی ایک پہچان ہے۔(فوٹو العربیہ)

عجائب گھروں کے ادارے کی ڈائریکٹر جنرل منال عطیا کا کہنا ہےکہ ’یہ دیکھ کر خوشی محسوس ہورہی ہے کہ نوادر اور عجائبات دیکھنے کے لیے آنے والے  یہاں خود کو محفوظ سمجھ  رہے ہیں۔ بڑے اعتماد سے عجائب گھر کے ایک دوسرے حصے اور ایک عجائب گھر سے دوسرے عجائب گھر آجارہے ہیں‘۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آنے والے  دنوں میں عجائب گھر آنے والوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ 
عجائب گھر آنے والوں کا درجہ حرارت چیک کیا جارہا ہے- اس سے کارکنان بھی مستثنی نہیں ہیں۔

عجائب گھر آنے والوں کا درجہ حرارت چیک کیا جارہا ہے-( فوٹو ٹوئٹر)

آنے والوں پر ماسک، دستانوں کے استعمال اور سماجی فاصلے کی پابندی ہے۔ عجائب گھر کے گیٹ پر سینیٹائزر اور دستانے مہیا کیے جارہے ہیں جبکہ سکرین پر حفاظتی تدابیر سے متعلق آگہی مہیا کی جارہی ہے۔
شارجہ میں عجائب گھر  بڑی تعداد میں ہیں۔ ہر ایک کی اپنی ایک پہچان ہے۔ عجائب گھر چار مرحلوں میں بحال کیے گئے ہیں۔

شیئر: