Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیروت دھماکے کی آزادانہ تحقیقات ضروری: وزیر خارجہ

سعودی وزیر خارجہ نے آن لائن امدادی کانفرنس سے خطاب کیا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ’بیروت بندرگاہ دھماکے کے حقیقی اسباب  کا پتہ لگانے کے  لیے شفاف اور آزادانہ تحقیقات بے حد ضروری ہے‘۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے  آن لائن امدادی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’ سعودی عرب لبنانی عوام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر امدادی سامان فراہم کرنے والے ملکوں میں پیش پیش ہے‘۔ 
فیصل بن فرحان نے کہا ’لبنانی عوام کو اپنے وطن میں امن اور عزت و احترام کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق ہے۔ لبنان کو فوری، جامع، اقتصادی اور سیاسی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے‘۔ 
سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’لبنان کے اقتصادی اور سیاسی مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے مطلوبہ اصلاحات کا دارومدار ان طاقتور ریاستی اداروں پر ہے جو لبنانی عوام کے حقیقی مفاد کے لیے کوشاں ہیں‘۔ 
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا ’کیونکہ دہشتگرد تنظیم حزب اللہ لبنان پر تباہ کن تسلط مستقل بنیادوں پر حاصل کیے ہوئے ہے اس سے ہم سب کو تشویش ہے۔ سب جانتے ہیں کہ حزب اللہ متعدد عرب و یورپی ممالک اور امریکہ میں دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرتی اور استعمال کرتی رہی ہے‘۔ 
سعودی وزیر خارجہ نے بتایا کہ اتوار تک چار سعودی طیارے 290 ٹن امدادی سامان بیروت پہنچا چکے ہیں۔ دوائیں، میڈیکل آلات، کھانے پینے کی اشیا ، کمبل اور خیمے شامل ہیں۔  
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز و انسانی خدمات نے متاثرین میں راشن کے تھیلے بھی تقسیم کیے ہیں۔ 

 چار سعودی طیارے 290 ٹن امدادی سامان بیروت پہنچا چکے ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)

یاد رہے کہ لبنان کے لیے امدادی کانفرنس اقوام متحدہ کی سرپرستی میں ہو رہی ہے۔
آر ٹی کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں نے کانفرنس سے افتتاحی خطاب میں کہا کہ  'ہمارا کردار لبنانی عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔ ہمیں اقوام متحدہ کے سائبان تلے لبنان کی مدد کرنا ہوگی۔'
فرانسیسی صدر نے کہا کہ 'دنیا بھر کے ممالک جو امداد بھیجیں وہ براہ راست عوام تک پہنچنا ضروری ہے- آج جو کچھ جمع ہوا ہے وہ امدادی عمل کی شروعات ہے-'
اس سے قبل لبنانی صدر میشال عون نے کہا  تھا کہ 'بیروت بندرگاہ کے دھماکے کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ وقت کا ضیاع ہوگا۔ ہمیں تیزی سے طے کرنا ہوگا کہ مجرم کون ہے اور بے قصور کون ہے؟'

شیئر: