Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا لبنان کے ساتھ اظہار یکجہتی

دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک سو سے زیادہ ہو گئی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
سعودی عرب نے بیروت میں ہونے والے دھماکوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان سے پیدا ہونے والی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
منگل کی شام کو لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے دھماکوں سے درجنوں افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے لبنان کے ساتھ مکمل تعاون اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
 سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں سعودی حکومت نے حادثے کا شکار ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
اس سے قبل لبنان کے وزیراعظم نے معاشی مسائل اور کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دوست ممالک سے مدد کے لیے کہا تھا۔
سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات نے بھی لبنان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے بیانات جاری کیے ہیں۔
عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے متاثرین کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے ٹوئٹر پر پیغام میں لکھا کہ ’ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو صبر اور حوصلہ عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ لبنان اور لبنانے کے لوگوں پر رحم کرے۔‘ 
عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ نے ٹویٹ کیا کہ ’ہمارے دل بیروت اور اس کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔‘
وزیر مملکت انور قرقاش نے اپنے تعزیتی پیغام کے ساتھ برج خلیفہ کی تصویر بھی لگائی جس کو لبنان کے جھنڈے سے سجایا گیا تھا۔
انہوں نے لکھا کہ ’اس مشکل گھڑی میں ہماری دعا ہے کہ پروردگار برادر ملک لبنان اور اس کے لوگوں کی حفاظت کرے، ان کی تکلیف کم کرے اور ان کے  زخم بھرے جائیں۔‘
کویت کے امیر شیخ صبا الاحمد الجبر نے لبنان کو امداد بھیجنے کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ بحالی کے دوران لبنان کی مدد کی جا سکے۔
بحرین نے بھی انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنہیں مدد کی ضرورت ہے لبنان میں واقع کویت کے سفارتخانے سے رابطہ کریں۔

شیئر: