Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیروت: 640 تاریخی عمارتیں متاثر ہوئیں

گیلریوں اور مذہبی مقامات پر دھماکے کے اثرات نمایاں ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
لبنان کی وزارت صحت نے 4 اگست کو بیروت دھماکے کے باعث ہونے والی ہلاکتوں میں 5 مزید اموات کی اطلاع دی ہے جس کے بعد ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 177 ہوگئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ اطلاع لبنان کے قومی اخبار ڈیلی سٹار کی جانب سے دی گئی ہے۔ اس تناظر میں عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ بیروت دھماکے کی بندرگاہ کے گودام نمبر 12 میں موجود امونیم نائٹریٹ کے بڑے ذخیرے میں آگ لگنے کے باعث ہوئے جس میں ابتدائی طور پر 73 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع آئی تھی جب کہ بعد میں تعداد میں اضافہ ہوتا گیا۔

عالمی برادری نے لبنان کی حمایت کا مضبوط سگنل بھیجا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

اس حادثے کے باعث تقریباً چھ ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ تین لاکھ سے زیادہ افراد کے بے گھر ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
لبنان میں وزارت ثقافت میں نوادرات کی سربراہ ثارقس خوری نے بتایا ہے کہ اطلاعات کے مطابق دھماکے سے متاثرہ عمارتوں کی تعداد کم ازکم آٹھ ہزار ہے۔ ان میں سے 640 تاریخی عمارتیں ہیں۔

تین لاکھ سے زیادہ افراد کے بے گھر ہونے کی اطلاعات ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

اقوام متحدہ کی زیرنگرانی ادارے یونیسکو نے بیروت میں 60 تاریخی عمارتیں گرنے کے خطرے سے خبردار کیا ہے اور ان کے تحفظ کی کوششوں میں بھرپور ساتھ دینے کا کہا ہے۔
واضح رہے کہ اس دھماکے کے اثرات لبنان کے دارالحکومت بیروت شہر کے ہرعلاقے میں دیکھے اور سنے گئے لیکن سب سے زیادہ نقصان بندرگاہ کے قریب واقع جیمزے اور مار میخائل محلوں کی تاریخی عمارتوں اور بڑی تعداد میں گھروں کو پہنچا ہے۔

لبنان دھماکوں میں 6 ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

اس موقع پر یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل کے معاون ارنسٹو اوٹون نے کہا ہے کہ "حادثے  کے بعد عالمی برادری نے لبنان کی حمایت کا مضبوط سگنل بھیجا ہے۔"
"یونیسکو ثقافت کے میدان میں اس کی رہنمائی کے لیے پرعزم ہے جس میں تعمیرنو اور آبادکاری کی وسیع  کوششیں شامل ہیں۔"
ثارقس خوری نے بتایا ہے کہ "بیروت شہر کے بڑے عجائب گھر جیسا کہ بیروت کا نیشنل میوزیم، سرسوق میوزیم اور امریکی یونیورسٹی بیروت کے آثار قدیمہ میوزیم کے علاوہ ثقافتی مقامات، گیلریوں اور مذہبی مقامات پر دھماکے کے اثرات نمایاں ہیں۔ "

یونیسکو ثقافت کے میدان میں تعمیرنو کے لیے پرعزم ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

انہوں نے بتایا کہ بیروت دھماکے سے قبل ہی لبنان کے دارالحکومت میں بڑے پیمانے پر تعمیرات اور گنجان شہروں میں تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے فقدان کی وجہ سے تشویش پائی جاتی تھی۔
یونیسکو کے ترجمان نے کہا ہے کہ موسم خزاں کی بارشوں کے نقصان سے بچنے کے لیے فوری طور پر ایسی عمارتوں کے لیے واٹر پروف انتظامات کیے جائیں۔

شیئر: