Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عسیر ریجن میں سمر فیسٹیول کے تحت ’ اوپن ایئر سینما‘

روڈ سینما کا انعقاد وزارت سیاحت کے تعاون سے کیا گیا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
عسیر ریجن میں سمرفیسٹیول 2020 کی سرگرمیوں کے تحت سنیچر کی شب ’اوپن ایئرسینما‘ منعقد کیا جائے گا۔ کورونا وائرس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے تفریحی پروگرام میں بڑی تعداد میں لوگ اپنے اہل خانہ کے ساتھ شریک ہوں گے۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق ریجن کے شہر ابھا کے علاقے ’المحالہ‘ میں کھلے سینما کا اہتمام سمر فیسٹیول کی انتظامیہ نے کیا ہے۔
کھلے سینما میں آنے والے اپنی گاڑیوں میں بیٹھ کرفلم سے لطف اندوز ہوں گے ۔ اس ضمن میں فیسٹیول کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ’کھلے سینما ‘ کے لیے معیاری فلم کا انتخاب کیا گیا ہے۔

گذشتہ برس سمرفیسٹیول میں بڑے پیمانے پر تفریحی سرگرمیاں منعقد کی گئی تھیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

سینما میں آنے کے لیے پیشگی بکنگ کرانا ہوگی جس کے لیے انتظامیہ کی جانب سے ویب سائٹ کے علاوہ ریجن میں رہنے والوں کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
’روڈ سینما‘ کا اہتمام بلدیہ عسیر نے وزرات سیاحت اور ریجنل سیاحتی کمیٹی کے اشتراک سے کیا ہے جس کا مقصد کورونا کے موجودہ حالات میں لوگوں کو محفوظ تفریح فراہم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ ہر برس سمر فیسٹیول کے عنوان سے مملکت کے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر تفریحی پروگرام منعقد کیے جاتے تھے جس میں مختلف ممالک سے بڑی تعداد میں فنکاروں کو مدعو کیا جاتا تھا جبکہ فیسٹیول میں خوبصورت آتش بازی کا بھی خصوصی طور پر اہتمام کیا جاتا تھا۔
رواں سال کورونا وائرس کی وجہ سے ماضی کی طرح تفریحی سرگرمیاں منعقد نہیں کی جا سکیں تاہم مختلف شہروں میں احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی محدود سطح پرعلاقائی میلوں وغیرہ کا انتظام کیا گیا ہے۔

شیئر: