Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غلاف کعبہ کا اٹھا ہوا حصہ نیچے کر دیا گیا

تمام کارروائی مقرر حفاظتی تدابیر کے تحت مکمل کی گئی۔ ( فوٹو ٹوئٹر ) 
  سعودی عرب میں مسجد الحرام کی انتظامیہ نے حج موسم ختم ہونے پر غلاف کعبہ کا اٹھا ہوا حصہ اتار کر شاذروان کے سونے کے ہکس سے باندھ دیا۔
ہر سال حج موسم میں غلاف کعبہ اوپر اٹھا دیا جاتا ہے اور حج موسم ختم ہونے پر شاذروان کے سونے کے حلقوں سے  اسے باندھ دیا جاتا ہے۔  
اخبار 24 کے مطابق بدھ کو رات گئے اٹھا ہوا غلاف کعبہ شاذروان کے سونے کے ہک سے باندھنے کی کارروائی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر کے تحت مکمل کی گئی۔  

 غلاف کعبہ کمپلیکس کے 40 ماہرین کی ٹیم نے حصہ لیا۔(فوٹوٹوئٹر)

یہ کام غلاف کعبہ کمپلیکس کے 40 ماہرین کی ٹیم نے انجام دیا۔ شروعات شاذروان کے سونے کے ہک نصب کرکے کی گئی۔ غلاف کعبہ اور حلقوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کے لیے رسی کا انتظام کیا گیا۔
اگلے مرحلے میں تین میٹر اٹھا ہوا غلاف نیچے کیا گیا اور پھر اسے سونے کے ہک سے باندھ دیا گیا۔ اس کے بعد غلاف کعبہ  کی صفائی کا اہتمام کیا گیا۔ حجر اسود اور رکن یمانی کے  فریم لگائے گئے۔ یہ سارے امور باریک بینی سے انتہائی مہارت انجام دیے گئے۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے اس کارروائی کی نگرانی کی۔ سیکریٹری احمد المنصوری اور غلاف کعبہ کمپلیکس کے سربراہ کے سیکریٹری عبدالحمید المالکی بھی غلاف کعبہ کی بحالی کے آپریشن کے موقع پر حرم شریف میں موجود تھے۔  
واضح رہے کہ ہر سال حج کے موقع پریکم ذی الحجہ کو غلاف کعبہ  تین میٹراوپر اٹھایا جاتا ہے۔
  اس کا مقصد حج کے دوران غلاف کعبہ کو محفوظ رکھنا ہوتا ہے۔ حج کے بعد غلاف کو کعبہ کے نچلے حصے شاذروان سے دوبارہ جوڑ دیا جاتا ہے۔

شیئر: