Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ضوابط کی خلاف ورزی، جدہ اور مدینہ میں سیکڑوں دکانیں سیل

بلدیہ کی چوبیس گھنٹے تفتیشی ٹیمیں متحرک ہیں ( فوٹو ایس پی اے)
جدہ اور مدینہ منورہ میونسپلٹی نے بلدیاتی کونسلوں کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر سیکڑوں دکانیں سیل کردیں- 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق جدہ میں  سیکریٹری میئر محمد الزہرانی نے بتایا کہ مختلف کاروبار کرنے والے 226 اداروں کو سربمہر کیا گیا ہے۔ ان پر بلدیاتی کونسلوں کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں کے ثبوت سامنے آگئے تھے- ان میں 42 ورکشاپ شامل ہیں۔ 
ترجمان نے بتایا کہ تمام تجارتی مراکز اور دکانوں کو سخت تاکید کی گئی ہے کہ  وہ وزارت بلدیات و دیہی امو رکی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کی پابندی کریں اور بلدیاتی کونسلوں نے جو قواعد و ضوابط جاری کیے ہیں انہیں لاگو کریں۔
انہوں نے بتایا کہ تمام تجارتی سرگرمیوں پر نظر رکھی جارہی ہے۔ چوبیس گھنٹے تفتیشی ٹیمیں متحرک ہیں اور رہیں گی۔ 
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بلدی 940 ایپ پر رابطہ کرکے بلدیاتی کونسلوں کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کریں۔ 
مدینہ منورہ میں بلدیہ کی جانب سے گزشتہ ہفتے اشیائے خورونوش کی مارکیٹوں کے 2081 دورے کیے گئے۔ تفتیشی ٹیموں نے مختلف خلاف ورزیوں پر 72 دکانوں کو سیل کردیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے اشیائے خورونوش فروخت کرنے والی دکانیں جن میں ہوٹل، فاسٹ فوڈ ، کریانہ اسٹورزاور مذبح خانیں وغیرہ شامل تھے کے دورے کیے تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جاسکے کہ کون مقررہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہیں۔ 

مارکیٹوں کی مسلسل نگرانی کا عمل جاری ہے۔(فوٹو ایس پی اے)

تفتیشی ٹیموں نے معمولی خلاف ورزیوں پر 860 دکانداروں کو انتباہی نوٹس جاری کیے جبکہ متعدد کلو گرام زائد المیعاد اشیائے خورونوش ضبط کرکے انہیں تلف کیا گیا۔ 
ہوٹلوں اور فاسٹ فوڈ کی دکانوں سے 297 نمونے حاصل کرکے انہیں لیبارٹری ارسال کیے گئے تاکہ ان میں شامل اشیا کا لیبارٹری تجزیہ کیاجاسکے۔ 
ریجنل بلدیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزارت بلدیات کی جانب سے ہوٹلوں اور اشیائے خورونوش فروخت کرنے والی دکانوں کی خصوصی نگرانی کی جاتی ہے تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جاسکے کہ دکاندار مقررہ قواعد کی خلاف ورزی نہ کریں۔ 
ترجمان کا کہنا تھا کہ بلدیہ کے شعبہ صحت کی جانب سے بھی کورونا وائرس سے بچاوکے لیے خصوصی ہدایات پرعمل کیاجارہا ہے اس ضمن میں مارکیٹوں کی مسلسل نگرانی کا عمل جاری ہے۔ 
واضح رہے وزارت صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے معمولات زندگی کو بحال کرنے کے حوالے سے خصوصی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے پر زور دیا گیا ہے اس ضمن میں بلدیہ کے شعبہ صحت عامہ کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مارکیٹوں کی مسلسل نگرانی کے عمل کو جاری رکھیں جہاں کہیں خلاف ورزی ریکارڈ کی جائے اس کی اطلاع فوری طور پر نگران ادارے کو فراہم کریں۔ 

شیئر: