Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لگژری کروز آج سیاحتی سفر کا آغاز کرے گا

سمندری سیاحت کا پروگرام کثیر المقاصد ہے۔(فوٹو سبق)
 سعودی عرب میں پہلا لگژری کروز سلور سپرٹ پروگرام کے مطابق جمعرات کو کنگ عبداللہ اکنامک سٹی سی پورٹ سے سیاحتی ٹور شروع کرے گا۔ 
ینبع اور نیوم میں راس ابیض سے گزرتے ہوئے کنگ عبداللہ اکنامک سٹی سی پورٹ واپس آئے گا۔ 
یاد رہے کہ سعودی عرب میں سمندری سیاحت کے لیے سلور سپرٹ کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی سمر سیزن نے پہلی بار ’تنفس‘ (کھلی فضاؤں میں سانس لو) سلوگن کے تحت  لگژری کروز سمندری تفریحی سیر کا پروگرام بنایا ہے۔

جہاز پر صرف 75 فیصد تک کی گنجائش استعمال کی جائے گی(فوٹو سبق)

وزارت ثقافت، پبلک انویسٹمنٹ فنڈ، سعودی محکمہ سیاحت، محکمہ تفریحات، سی پورٹس پبلک اتھارٹی سمیت متعدد اداروں نے ملکر سمندری سیاحت کا پروگرام ترتیب دیا ہے۔ 
ریڈ سی کمپنی میں سٹراٹیجک امور کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر غسان خان نے بتایا کہ سمندری سیاحت کا پروگرام کثیر المقاصد ہے۔ اس میں تفریح بھی ہے اور کئی دنیاؤں کی دریافت کے مواقع بھی ہیں۔ بحیرہ احمر کے ساحل پر پھیلے ہوئے سیاحتی خزانوں کا مشاہدہ بھی ہے۔ سلور سپرٹ سے سمندری سیر پر جانے والے بحیرہ احمر کے جزیرے، ساحل اور سحر آفریں قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوں گے۔ 
سلور سپرٹ پر آٹھ عالمی معیار کے ریستوران موجود ہیں ۔ سوئمنگ پول، تفریحاتی اور میوزیکل پروگرام بھی ہوں گے۔ اس دوران کورونا وائرس سے بچاو کے لیے بہترین حفاظتی اقدامات بھی ہیں۔ 
جہاز پر صرف 75 فیصد تک کی گنجائش استعمال کی جائے گی تاکہ سیاحوں کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار رکھا جاسکے۔ 

شیئر: