Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سماجی ذمہ داری: ’نجی سکول فیس کم کریں‘

  سعودیوزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے کہا ہے کہ  تعلیمی ادارے اسی وقت کھلیں گے جب کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد کم ہوگی۔ اس سے قبل سکول نہیں کھولے جائیں گے۔ 
 انہوں نے کہا کہ آن لائن تعلیم سات ہفتے تک ہوگی۔ اگر اس دوران کورونا وائرس کے کیسز کم ہوگئے اور صورتحال قابو میں آگئی تو سکول کھولے جانے کا فیصلہ  کرلیا جائے گا۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق ڈاکٹر حمد آل الشیخ کاہ کہنا تھا کہ سات ہفتوں کے دوران موسم سرما کا انفلوئنزا بھی آسکتا ہے۔ اس دوران یہ بھی معلوم ہوجائے گا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کس درجے کی ہوگی۔ 
وزیر تعلیم نے کہا  کہ سات ہفتے بعد متعلقہ کمیٹیاں ساری صورتحال کا جائزہ لیں گی اور زمینی حقائق کو سامنے رکھ کر طے کریں گی کہ آیا آن لائن تعلیم جاری رکھی جائے یا سکول کھول دیے جائیں۔-  
انہو ں نے مزید کہا کہ طلبہ کو سکول پلیٹ فارم کا رخ کرنے سے قبل سکول ڈریس پہننا ہوگا۔ ’عین چینل‘ اسباق اگلے روز تک پیش کرتے رہیں گے تاکہ وہ طلبہ جو کسی وجہ سے آن لائن کلاس میں شرکت نہیں کرسکے ہیں وہ ان اسباق سے فائدہ اٹھاسکیں۔  
وزیر تعلیم نے نجی سکولوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سماجی ذمہ داری کو مدنظر رکھ کر سکول فیسیں کم کریں۔ وہ سکول مالکان قابل قدر ہیں جو طلبہ کے لیے فیسوں میں کمی یا مفت تعلیم کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ 

وزیر تعلیم کے مطابق طلبہ و طالبات کے امتحانات آن لائن ہوں گے( فوٹوسوشل میڈیا)

وزیر تعلیم نے بتایا کہ طلبہ و طالبات کے امتحانات آن لائن ہوں گے اور ہر ہفتے آن لائن سوالات دے کر ان کے جوابات لیے جائیں گے۔  
 واضح رہے کہ اس سے قبل وزارت تعلیم نے بیان میں کہا تھا کہ  اتوار سے آن لائن تعلیم صبح نو بجے شروع ہوگی- اس سے قبل ثانوی اور مڈل سکولوں کی کلاسیں صبح سات بجے شروع ہو رہی تھیں۔  نئے پروگرام کے مطابق کلاسوں کی شروعات نو بجے سے ہوگی۔

شیئر: