Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آن لائن ایجوکیشن: کمپیوٹرز کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ 

ناجائز منافع خوروں نے بھی موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
کورونا وائرس کی وجہ سے مملکت میں وزارت تعلیم کی جانب سے احتیاطی تدابیر کے تحت آن لائن ایجوکیشن کے فیصلے کے بعد کمپیوٹر، لیپ ٹاپ و دیگر متعلقہ الیکٹرونک اشیاء کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔ 
ویب نیوز ’سبق‘ نے عوام کو درپیش مشکلات کے حوالے سے بتایا ہے کہ آن لائن ایجوکیشن کے فیصلے کے ساتھ ہی کمپیوٹر اور اس سے متعلق اشیاء کی قیمتوں میں اچانک غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔ جو لیپ ٹاپ نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل 12 سو ریال کا تھا اس وقت 15 سو سے کم نہیں۔

آن لائن تعلیم کے فیصلے کے بعد مارکیٹ میں قیمتوں اضافہ دیکھا گیا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

آن لائن ایجوکیشن کے حوالے سے درکار اشیاء کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ سے پریشان لوگوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نرخوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری کارروائی کریں تاکہ آن لائن تعلیم کے لیے کمپیوٹر خریدے جاسکیں۔ 
مارکیٹوں کے حوالے سے کیے جانے والے سروے میں مزید کہا گیا ہے کہ بعض تاجروں نے آن لائن تعلیم کے فیصلے سے قبل ہی مارکیٹ سے بڑے پیمانے پر کمپیوٹرز، لیپ ٹاپ اور دیگر اشیا اٹھا کر ذخیرہ کرلیا تاکہ انہیں اپنی من مانی قیمتوں پر فروخت کیا جا سکے۔

مارکیٹ پر نظر رکھنے والوں کے مطابق کمپیوٹر اور آلات کی خریداری کچھ دن کے لیے ملتوی کردیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

سروے میں مزید کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپ فروخت کیے جانے کے اشتہارات میں دی گئی قیمتوں سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ناجائز منافع خوروں نے کس طرح اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے۔  
لوگوں کا کہنا ہے کہ نیا تعلیمی سال شروع ہو رہا ہے اس حوالے سے مارکیٹوں میں نرخوں کی کسی قسم کی نگرانی نہیں کی جارہی متعلقہ اداروں کو چاہئے کہ وہ نرخوں کی نگرانی کریں تاکہ منافع خوروں کو کنٹرول کیا جا سکے۔

متعلقہ اداروں کو چاہئے کہ وہ مارکیٹ میں  نرخوں کی نگرانی کریں۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)

دوسری جانب ویب نیوز’اخبار24 ‘ نے مارکیٹنگ کے شعبے کے ایک ماہر کے حوالے سے کہا ہے کہ طلبا اور ان کے سرپرست فی الحال کمپیوٹرز یا لیپ ٹاپ نہ خریدیں کیونکہ اس وقت قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ 
مارکیٹنگ کے ماہر کا کہنا ہے کہ ایک ہفتہ تک سمارٹ فون پر ہی لیکچر سن کر گزارا کریں تاکہ قیمتوں میں کمی ہو سکے۔ مارکیٹ میں طلب بڑھنے سے قیمتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے جبکہ بعض منافع خور بھی اس موقع سے مستفید ہونا چاہتے ہیں اس لیے خریداری ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی جائے۔
 
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: