Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئے تعلیمی سال کے پہلے سات ہفتے آن لائن تدریس

متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے۔( فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں نئے تعلیمی سال کا آغاز آن لائن کیا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔
 سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل شیخ  نے بتایا کہ’ نئے تعلیمی سال کے لیے کورونا وائرس سے بچاو کے لیے مختلف وزارتوں سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں میں نئے سال کا آغاز آن لائن کیا جائے گا‘۔

سعودی عرب میں نو مارچ سے تعلیمی ادارے بند  ہیں( فوٹو سبق)

وزیر تعلیم کی جانب سے جاری وڈیو پیغام میں مزید کہا گیا کہ’ نئے تعلیمی سال کے پہلے سات ہفتے آن لائن ہوں گے۔ بعد ازاں حالات کا جائزہ لے کر اور متعلقہ وزارتوں کے مشورے سے سکول کھولنے  کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ جامعات اور ٹیکنیکل سکولوں کے طلبہ جنہیں اپنے کورسز کے لیے عملی نصاب کی ضرورت ہو گی استثنی دیا جائے گا۔
وزارت کے مطابق نیا تعلیمی سال 30 اگست سے شروع ہورہا ہے۔ 
سعودی وزیر تعلیم کورونا وائرس کے بعد سے خود آن لائن تدریس کے انتظام کی نگرانی کر رہے ہیں۔ 
یاد رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاو روکنے کے لیے سعودی عرب میں نو مارچ سے تعلیمی ادارے بند کردیے گئے تھے اور آن لائن تدریس کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔
حالیہ دنوں میں سعودی عرب میں کورونا وائرس کے یومیہ نئے کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی جا رہی ہے جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

شیئر: