Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایگزٹ ری انٹری پر عودہ پروگرام کے تحت واپسی کیسے؟

’عودہ‘ پرواگرام کے تحت واپس جانے والے غیر ملکیوں کو رجسٹر کیا جاتا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد حالات بتدریج معمول پر آرہے ہیں تاہم بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اب تک کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا۔ 
 ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے ہی حکام کی جانب سے اس بارے میں احکامات جاری ہوں گے مطلع کر دیا جائے گا۔ 
قارئین نے اپنی مشکلات اور مسائل کے حوالے سے مزید سوالات بھیجے ہیں۔
قیصر چوہان کا سوال وزٹ ویزے کے حوالے سے ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میں نے اپنی اہلیہ کا وزٹ ویزہ پاکستان بھیجا ہے اس کی کتنی مدت ہے اور وہ کب تک آسکیں گی؟ 
جواب: سعودی عرب میں تاحال بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عائد ہے۔ اس حوالے سے سرکاری طور پر کسی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا جس میں بیرون مملکت سے مسافروں کے آنے کی اجازت دی گئی ہو۔  
جب تک کورونا وائرس کے حوالے سے پروازوں پر پابندی برقرار ہے اس وقت تک سعودی سفارت خانے یا قونصلیٹ میں ویزے سٹیمپ نہیں کیے جائیں گے۔ 
 جہاں تک آپ کا سوال ہے، ویزے کی مدت کے حوالے سے تو ویزہ سٹیمپ ہونے کے بعد عام طور پر ایک سے 6 ماہ تک کی مدت ہوتی ہے تاہم سٹمپ ہونے سے قبل اس کی مدت ایک برس تک ہوتی ہے مگر موجودہ حالات کے تحت تمام معاملات رکے ہوئے ہیں جیسے ہی اس بارے میں حکام کی جانب سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا اردو نیوز میں اس کی خبر شائع کردی جائے گی۔ 
رحمت ایم اے کا سوال ہے کہ سعودی عرب سے پاکستان فلائٹس کا نیا شیڈول کیا ہے؟ 
جواب: سعودی عرب میں کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی اقدامات کے پیش نظر تاحال پروازوں پر پابندی عائد ہے۔ اس لیے ایئرلائنز کی جانب سے باقاعدہ شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔  

خصوصی پروگرام کے تحت تارکین کی واپسی جاری ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

سعودی وزارت داخلہ کے پروگرام ’عودہ‘ کے تحت مملکت سے جانے والے غیر ملکیوں کو رجسٹر کیا جاتا ہے۔ بعد ازاں ان ممالک کے سفارت خانوں سے رابطہ کرکے ان کے لیے پروازوں کی بکنگ کرائی جاتی ہے۔ خصوصی پروگرام کے تحت تارکین کی واپسی جاری ہے جس میں ہر دن تبدیلی ہوتی رہتی ہے۔ 
کھوکھر سنی نے پوچھا ہے کہ میں ایمرجنسی میں پاکستان جانا چاہتا ہوں۔ اقامہ بھی کارآمد ہے اور کفیل کا بھی کوئی مسئلہ نہیں کیا کروں؟ 
جواب: سعودی عرب سے لوگوں کے جانے پر کوئی پابندی نہیں، اگر آپ پاکستان جانا چاہتے ہیں تو خروج وعودہ ویزہ حاصل کرکے جوازات کے ابشر سسٹم پر جاری کیا جانے والا ’عودہ‘ پروام میں خود کو رجسٹر کرائیں جہاں سے آپ کو واپسی کی فلائٹ ملنے پر اطلاع دے دی جائے گی۔ 

بیرون مملکت سے پروازوں کی آمد تاحال بند ہے (فوٹو: العربیہ)

تاہم اس امر کا خیال رکھیں کہ بیرون مملکت سے پروازوں کی آمد تاحال بند ہے اس بارے میں حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا اگر آپ چھٹی پر جانا چاہتے ہیں تو خروج عودہ زیادہ مدت کا حاصل کریں تاکہ بعد ازاں دشواری نہ ہو۔ 
زیں العابدین کا سوال ہے کہ ایگزٹ ویزہ لگ چکا ہے۔ واپسی کی آخری تاریخ قریب ہے۔ فلائٹس کب کھلیں گی۔ اگر مقررہ وقت تک فلائٹ نہ مل سکی تو کیا کریں؟ 
جواب: سعودی عرب سے واپسی کے پروگرام ’عودہ‘ میں خود کو رجسٹرکرائیں جہاں سے فلائٹ ملنے پر آپ کو مطلع کر دیا جائے گا، تاہم اگر اس دوران خروج کی تاریخ ختم ہوجاتی ہے تو اس حوالے سے حکام کی جانب سے خصوصی رعایت دی گئی ہے جس کے مطابق میعاد میں خود کار طریقے سے توسیع کردی جاتی ہے۔ 

شیئر: