Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شینگن ویزے والوں کے لیے ضوابط کا اعلان

پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ مہیا کرنا ہوگی ( فوٹو: سبق)
 سعودی عرب سے شینگن ویزا رکھنے والے مسافروں کے لیے یورپی ملکوں کی جانب سے جاری ضوابط کا اعلان کیا گیا ہے۔ 
یورپی یونین کے ممالک جرمنی، اٹلی، سپین اور فرانس نے سعودی عرب سے آنے والے سعودی اورغیر ملکیوں کے لیے کورونا ٹیسٹ کے علاوہ دیگر ضوابط کا اعلان کیا ہے۔ 
ویب نیوز ’سبق‘ نے سعودی عرب کی قومی ایئر لائن ’السعودیہ‘ کے حوالے سے بتایا کہ شینگن ویزے پر یورپی ممالک جانے والوں کے لیے قواعد کی پابندی کرنا لازمی ہوگا۔ 
 مملکت سے اٹلی جانے والے مسافروں کے لیے لازمی ہے کہ وہ مقررہ فارم پر کریں جس میں تمام ضروری معلومات مہیا کی گئی ہوں۔ فارم کو روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر موجود متعلقہ کاؤنٹر پر جمع کرایا جائے۔ 
اٹلی جانے والوں کو اپنے سفر کے بارے میں تمام تفصیلات فارم میں درج کرنا ہوں گی۔ اس میں سفر کا مقصد بھی بیان کرنا ہو گا۔ بعد ازاں اس فارم کی ایک کاپی وہ اطالوی پولیس کو بھی فراہم کریں گے۔ 
شینگن ویزے پر مملکت سے جرمنی جانے والوں کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ سفر سے زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹے پہلے کیے جانے والے پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ مہیا کریں۔ 
جرمنی جانے والے مسافروں کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ 14 دن قرنطینہ کریں۔ اس حوالے سے وہ اپنی رہائش یا جہاں وہ خود کو قرنطینہ کریں گے کی نشاندہی بھی کریں اور اس بارے میں جرمنی کے ہوائی اڈے پر متعلقہ صحت کے عملے کو مطلع کریں۔ 

اٹلی جانے والوں کو سفر کے بارے میں تفصیلات فارم میں درج کرنا ہوں گی (فوٹو: اے ایف پی)

جن افراد کا کورونا ٹیسٹ منفی آئے انہیں لازمی قرنطینہ سے استثنٰی مل سکے گا۔ 
جرمنی سے ٹرانزٹ پر جانے والے لازمی قرنطینہ کی پابندی سے مستثنٰی ہوں گے۔ 
سعودی عرب سے فرانس آنے والوں کے لیے بھی 72 گھنٹے قبل تک کا کورونا ٹیسٹ پیش کرنا ہوگا۔ 
سپین جانے والے مسافروں کے لیے بھی ہسپانوی ادارہ صحت کے اصولوں کے تحت ایس پی ٹی ایچ ایپ کے ذریعے کیو آر کوڈ حاصل کرنا ہو گا۔  

شیئر: