Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں پانچ سرکاری املاک کی 15 کروڑ میں نیلامی

وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کا کہنا تھا کہ نجکاری سے قرضوں اور اخراجات میں کمی آئے گی (فوٹو:اے پی)
پاکستان میں سرکاری زمینیں بیچ کر زرمبادلہ کمانے کے منصوبے کے تحت اسلام آباد میں موجود پانچ سرکاری املاک کو 15 کروڑ 64 لاکھ پچاس ہزار روپے میں نیلام کر دیا گیا ہے۔
وزارت نجکاری نے وزارتوں اور اداروں کی سرکاری پراپرٹی کی اوپن نیلامی شروع کر دی ہے۔ پیر کو نجکاری کمیشن کی جانب سے چھبیس سرکاری املاک کی مرحلہ وار نیلامی کا آغاز کیا گیا۔
مزید پڑھیں
پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں نیلامی کے لیے طے شدہ پانچ املاک کی اوپن نیلامی کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ نجکاری کمیشن کی جانب سے پیر سوہاوہ میں موجود سرکاری زمین کو 1 کروڑ 92 لاکھ، اسلام آباد کنٹری کلب میں واقع 2 اپارٹمنٹس کو 6 کروڑ 10 لاکھ، سینٹورس مال میں موجود ایرا اپارٹمنٹس کو 6 کروڑ 10 لاکھ جبکہ پی ایچ اے جی سیون ٹو میں ایرا اپارٹمنٹس کو 1 کروڑ 52 لاکھ 50 ہزار میں فروخت کیا گیا ہے۔
 مجموعی طور پر پانچ سرکاری املاک کو 15 کروڑ 64 لاکھ 50 ہزار میں نیلام کیا گیا ہے جبکہ نجکاری کمیشن کی جانب سے سرکاری املاک کی مجموعی طور پر ریزرو قیمت 14 کروڑ5 لاکھ 25 ہزار مقرر کی گئی تھی۔

اسلام آباد کنٹری کلب میں واقع 2 اپارٹمنٹس کو 6کروڑ 10 لاکھ میں فروخت کیا گیا ہے (فوٹو:ٹوئٹر)

نجکاری کا عمل شروع ہونے سے قبل افتتاحی تقریب سے وزیر نجکاری سمیت متعدد وفاقی وزرا نے خطاب کیا۔
وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم کی نجکاری میں دلچسپی کے تحت نجکاری کا عمل شروع کر رہے ہیں۔ شفافیت نجکاری کا اہم ستون ہے۔ نجکاری سے قرضوں اور اخراجات میں کمی آئے گی۔ نجکاری پروگرام کے تحت 19 اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔ چار سال کے بعد نیلامی کا عمل دوبارہ شروع ہورہا ہے۔‘
تقریب سے وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ علی زیدی نے دلچسپ خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’میں حال ہی میں منسٹر انکلیو میں منتقل ہوا ہوں۔ پہلی رات نیند نہیں آئی۔ صبح برف والے پانی سے نہانا پڑا۔ منسٹر انکلیو میں گرم پانی کا دور دور تک انتظام نہیں۔‘

علی زیدی کا کہنا تھا کہ منسٹر انکلیو میں گرم پانی کا دور دور تک انتظام نہیں (فوٹو:اے پی)

علی زیدی نے کہا کہ 'حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں ہے۔ سرکاری ادارے بہت کم منافع میں ہوتے ہیں۔ پی آئی اے کا دیگر ایئر لائنز کے مقابلے میں حال دیکھ لیں۔ عمران خان کی قیادت میں بہت اہم چیزیں ہورہی ہیں۔ 19 ارب ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ گذشتہ مہینے پازیٹو ہوگیا۔'
وزیر اعظم کے معاون خصوصی ذوالفقارعلی بخاری نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ’وزیر اعظم اثاثے بیچ کر قرضے اتارنا چاہتے ہیں۔ یہ بہت اچھا آغاز ہے، کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔‘

شیئر: