Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شوہر کی دوسری شادی پر سعودی خاتون کا جشن

’گزشتہ چار سال سے میں ذہنی طور پر خود کو تیار کر رہی ہوں نیز شوہر کو بھی اس پر راغب کر رہی ہوں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی خاتون ام عمر نے اپنے شوہر کی دوسری شادی پر اپنے بچوں کے ساتھ جشن منانے کی ویڈیو شیئر کر کے ٹوئٹر صارفین کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ام عمر نے کہا ہے کہ ’شوہر کی دوسری شادی پر وہ نہ صرف خوش ہیں بلکہ پوری طرح سے راضی بھی ہیں‘۔
عرب ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے مذکورہ خاتون نے کہا ہے کہ ’میں مدینہ منورہ رہتی ہوں جبکہ میرا شوہر ملازمت کی وجہ سے دوسرے شہر میں ہے‘۔
’وہ اپنی ملازمت چھوڑ کے نہیں آسکتے جبکہ میں مدینہ منورہ چھوڑ کے وہاں نہیں جاسکتی، ہمیں اس حال میں 6 سال ہوگئے ہیں‘۔
’گزشتہ چار سال سے میں ذہنی طور پر خود کو شوہر کی دوسری شادی کے لیے تیار کر رہی ہوں نیز شوہر کو بھی اس پر راغب کر رہی ہوں‘۔
ام عمر نے کہا ہے کہ ’شوہر کی شادی کے دن میں نے گھر میں اپنے بچوں کے ساتھ جشن منایا، اس کی وجہ یہ ہے کہ میں چاہتی ہوں کہ میرے بچے بھی اپنے باپ کی خوشی پر خوش ہوں‘۔
’آخر وہ بھی اپنے باپ کے دوسرے گھر کا حصہ ہیں اور مستقبل میں ان کے بھائی بھی دوسرے گھر میں ہوں گے‘۔
ام عمر سے پوچھا گیا کہ شوہر کی دوسری شادی پر انہیں کیا تحفہ دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ’میں نے شوہر کو اصلی اور خالص شہد تحفے میں دیا ہے تاکہ ہماری آنے والی زندگی شہد سے بھی زیادہ میٹھی ہو‘۔
واضح رہے کہ ٹوئٹر پر ام عمر کی ویڈیو متعدد افراد نے شیئر کی ہے جس پر ملے جلے تبصرے کیے گئے ہیں۔ کسی نے ان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ایثار و قربانی قرار دیا ہے تو کسی نے اس پر سخت تنقید کی ہے۔

شیئر: