Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں تاریخی عمارتوں کی اصلاح و مرمت

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس کا حکم دیا ہے (فوٹو: العربیہ)
 سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ریاض کے مرکزی علاقے میں واقع تاریخی عمارتوں کی اصلاح و مرمت اور انہیں آباد کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن فرحان نے بتایا کہ اصلاح و مرمت کا کام عالمی معیار کے مطابق کیا جائے گا۔  
العربیہ نیٹ کے مطابق وزیر ثقافت نے کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان تاریخی عمارتوں اور قدیم طرز تعمیر کے احیا پر توجہ دے رہے ہیں-  
تاریخی عمارتوں کی مرمت کے منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں پندرہ تاریخی محلات کی اصلاح و مرمت ہوگی۔ یہ الفوطۃ اور ظھیرۃ محلے میں واقع ہیں۔ تین مشرقی الفوطۃ، 7 مغربی الفوطۃ محلے میں ہیں جبکہ 5 شاہی محل ہیں۔ 
 کام شروع کرنے  سے قبل تاریخی عمارتوں کا جامع جائزہ تیار کیا جائے گا۔ اس کے بعد جنوری 2021 سے اصلاح ومرمت کا کام باقاعدہ طریقے سے ہوگا۔ یہ کام چوبیس ماہ میں انجام دیا جائے گا۔ 
وزیر ثقافت نے بتایا کہ اسی کے ساتھ  ریاض کے مرکزی علاقے میں عمرانی ورثے  کی شناخت رکھنے والی تمام عمارتوں کا جائزہ تیار کیا جائے گا ان کی درجہ بندی ہوگی اور پھر اصلاح ومرمت کی سکیمیں تیار کی جائیں گی۔

منصوبے کا مقصد تاریخی اور منفرد طرز تعمیر کی عمارتوں کا تحفظ ہے ( فوٹو: ٹوئٹر)

مغربی الفوطۃ میں واقع 7 محل  1944 عیسوی کے ہیں جبکہ مشرقی الفوطہ کے تین محل 1935 عیسوی میں تعمیر کیے گئے تھے۔ جہاں تک باقی شاہی محلوں کا تعلق ہے تو وہ 70 برس پرانے ہیں۔ یہ  ملک فہد، ملک عبداللہ، امیرۃ ھیا بنت عبدالرحمن، امیر سلطان اور امیرۃ العنود کے محل ہیں۔ یہ ظھیرۃ ، الفوطۃ  اور ام السلیم میں واقع ہیں۔ 
اس منصوبے کا مقصد تاریخی اور منفرد طرز تعمیر کی نمائندہ عمارتوں کا تحفظ اور سعودی تعمیراتی پہچان کو اجاگر کرنا ہے۔ اصلاح ومرمت کے بعد ان عمارتوں سے اقتصادی، سماجیِ، ثقافتی اور سیاحتی فوائد حاصل ہوں گے۔

شیئر: