Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ستر سے زیادہ جڑی بوٹیوں کی فروخت ممنوع

ایس ایف ڈی اے نے ممنوعہ جڑی بوٹیوں کی فہرست جاری کی ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگس اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں 70 سے زیادہ جڑی بوٹیوں کی خرید و فروخت پر پابندی ہے۔ 
ایس ایف ڈی اے نے ممنوعہ جڑی بوٹیوں کی فہرست اپنی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کی ہے۔  جڑی بوٹی کے نام، عوام میں رائج نام ، سائنٹفک نام اور انسانی صحت کے لیے اس کے نقصانات بھی بتائے گئے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ایس ایف ڈی اے نے کہا کہ جڑی بوٹیاں فروخت کرنے والی دکانوں پر چھاپے مارے جائیں گے۔ چھاپہ مار ٹیم میں وزارت بلدیات و دیہی امور کے نمائندے شامل ہوں گے۔

جڑی بوٹیاں فروخت کرنے والی دکانوں پر چھاپے مارے جائیں گے۔(فوٹو سوشل میڈیا)

 ایس ایف ڈی اے نے بیان میں مزید کہا کہ جڑی بوٹیاں فروخت کرنے والے جڑی بوٹی کے ساتھ اس کا تعارف، اس کے استعمال کی آخری تاریخ چسپاں کریں۔ دکان میں نمایاں جگہ پر جڑی بوٹیوں کا چارٹ جاری کریں۔ اسی کے ساتھ ایس ایف ڈی اے اور وزارت بلدیات و دیہی امور کے مونو گرام کے ساتھ یہ تنبیہ بھی نمایاں کریں کہ جڑی بوٹیوں سے علاج سائنٹفک بنیادوں پر ثابت نہیں ہے۔ 
جڑی بوٹیاں فروخت کرنے والے دکانداروں پر یہ پابندی بھی لگائی گئی ہے کہ وہ کسی بھی جڑی بوٹی یا مرکب جڑی بوٹیوں پر ایسی کوئی تحریر چسپاں نہ کریں جس میں دعوی کیا جارہا ہو کہ اس جڑی بوٹی یا دیسی دواؤں سے فلاں مرض کا علاج ہوگا۔ 
جڑی بوٹیاں کسی دعوے کے بغیر فروخت کی جاسکتی ہیں۔ ایس ایف ڈی اے کی طرف سے اس کی اجازت ہے۔

شیئر: