Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں ہائیکنگ اور کیمپنگ کے بہترین مقامات  

اگر آپ سعودی عرب میں مقیم ہیں اور آپ کو قدرتی مناظر سے لطف اٹھانے کے لیے آبادی سے باہر صحرا اور جنگلات میں خیموں کی زندگی پسند ہے یا آپ کوہ پیمائی کا شوق رکھتے ہیں تو آپ اپنے شوق پورے کرنے کے لیے ایک بہترین ملک میں ہیں۔ 
 سعودی عرب کے ’سیدتی میگزین‘ نے ایڈونچر کے شوقین افراد کے لیے سعودی عرب میں ہائیکنگ اور کیمپنگ کے لیے بہترین مقامات کی ایک فہرست مرتب کی ہے جس سے رہنمائی حاصل کر کے آپ اپنے پسندیدہ سفر پر روانہ ہو سکتے ہیں۔ 
السودۃ کے پہاڑ  

السودۃ کے پہاڑ عسیر ریجن میں واقع ہیں۔ یہاں سال بھر موسم معتدل رہتا ہے۔ موسم گرما کے دوران مختلف سرگرمیوں خصوصا سپورٹس پروگراموں کے لیے بہترین مقام ہے۔   
السودۃ مملکت میں بلند ترین پہاڑ ہے۔ یہ سطح سمندر سے 9843 فٹ اونچا ہے۔ سیاح اس کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں۔ 
السودۃ اور اس کی چوٹیاں موسم گرما کے دوران خنک ہواؤں کے لیے مشہور ہیں۔ یہاں اگست میں انتہائی درجہ حرارت 15 سینٹی گریڈ سے زیادہ نہیں ہوتا۔ مطلع ابر آلود رہتا ہےاور مسلسل بارش ہوتی رہتی ہے۔ سعودی عرب کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں یہاں بارش کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ 
طویق پہاڑ  

 سعودی دارالحکومت ریاض کے مغرب اور شمال مغرب میں واقع ہے یہ پہاڑ 800 کلو میٹر کے دائرے میں پھیلا ہوا ہے۔ اس کی شکل طوق جیسی ہے۔ 
مقامی شہری اور مقیم غیرملکی ہائیکنگ اور صحرائی سیاحت کے لیے بڑے شوق سے یہاں کا رخ کرتے ہیں۔   
جبل طویق چٹانوں کی عجیب و غریب شکل و صورت کے حوالے سے مشہور ہے۔ یہاں ببول کے درخت بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں۔ ریت کے متحرک تودے بھی موجود ہیں۔  
یہ علاقہ سیاحت کے حوالے سے مثالی سمجھا جاتا ہے۔ اس علاقے میں سیاحت کے لیے آنے والے کئی کئی دن تک  قیام کرتے ہیں۔ خیمے نصب کرکے ان میں رہائش اختیارکرتے ہیں۔ 
یہاں کئی تاریخی مقامات بھی ہیں۔ طویق پہاڑ غاروں میں تاریخی نقوش کے لیے بھی مشہور ہے۔ قدیم زمانے میں قافلے طویق کے دروں سے گزرا کرتے تھے۔ ان کے نشانات آج بھی محفوط ہیں۔  
القارۃ پہاڑ 
ی
یہ الاحسا کا مشہور پہاڑ ہے اور سرسبز نخلستان کے درمیان واقع ہے۔ یہ الھفوف شہر سے 13 کلو میٹر مشرق میں واقع ہے۔  
القارۃ پہاڑ کے دامن میں باغات اور نخلستان لق دق میدان میں پھیلے ہوئے ہیں۔ دیکھنے میں یہ منظر بڑا پرکشش لگتا ہے۔  
سعودی عرب کے مختلف شہروں سے مقامی شہری اور مقیم غیرملکی یہاں سیر کے لیے آتے ہیں اور خیمے لگا کر کئی دن گزارتے ہیں۔ اس کے خوبصورت غار دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ عجائبات قدرت کا شاہکار ہیں۔  
وادی لجب 

یہ وادی سعودی عرب کے جنوب مغربی صوبے جازان میں واقع ہے۔ یہ تہامہ کی وادیوں میں سے ایک ہے۔ اسے جازان کے خوبصورت ترین سیاحتی مقامات میں شمار کیا جاتا ہے۔
اس کے پرکشش قدرتی مناظر اور معلق پارک دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہاں سال بھر آبشار نظر آتی ہیں جن کا منظر آنکھوں کو فرحت بخشتا ہے۔
یہاں سیاحت کے لیے آنے والے لوگ فوٹوگرافی اور کوہ پیمائی کا شوق بھی پورا کرتے ہیں۔  قدرتی مناظر اور مہم جوئی کے شائقین وادی لجب آنا پسند کرتے ہیں۔  
صحرا الثمامہ  

الثمامہ صحرا ریاض کے شمال میں واقع ہے۔  یہ شہر کے شور شرابے کو ناپسند کرنے والے سکون کے متلاشی افراد کے مثالی جگہ ہے۔ صحرا الثمامہ اپنی سنہری ریت اور جگہ جگہ واقع تفریحی سیر گاہوں کے لیے مشہور ہے۔ 
ریاض کے لوگ یہاں قدرتی ماحول میں پرسکون لمحات گزارنے کے لیے آتے ہیں اور یہاں اونٹوں کی سواری کا لطف اٹھاتے ہیں۔ موٹر سائیکلوں اور صحرائی گاڑیوں کو دوڑانے کا شوق بھی یہاں پورا کیا جاتا ہے۔  
بعض لوگ خیمے لگا کر یہاں کئی دن گزارتے ہیں۔ بعض  منچلےنوجوان یہاں ٹائر سکریچنگ بھی کرتے ہیں- الثمامہ تفریح گاہ موسم سرما میں مثالی مانی جاتی ہے

شیئر: