Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جونیئر رفیع کے چرچے اور ساڑھی میں سانپ پکڑنے میں دشواریاں

ایک ماہر خاتون نے کوبرا سانپ کو انتہائی آسانی سے پکڑ لیا اور وہ بھی اس طرح کہ وہ ساڑھی میں ملبوس تھیں: فوٹو پکسابے
انڈیا میں کورونا کی وبا کے علاوہ بے روزگاری اور چین انڈیا سرحدی تنازع گذشتہ کئی ہفتوں سے شہ سرخیوں میں ہے، لیکن بعض ایسی بھی خبریں ہیں جو بے حد مقبول ہوئیں۔ ان میں سے چند خبریں یہاں پیش ہیں۔
انڈیا کی جنوبی ریاست کیرالہ کے ایک نوجوان کو ان دنوں ایک گیت کی وجہ سے چھوٹا رفیع کہا جا رہا ہے۔
ان کے ایک ویڈیو کو 13 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا گیا ہے جس میں وہ محمد رفیع کے معروف گیت 'تیری آنکھوں کے سوا دنیا میں رکھا کیا ہے' کو انتہائی اطمینان کے ساتھ گاتے نظر آ رہے ہیں۔
جگدیش راج نامی ایک ٹوئٹر صارف نے گذشتہ ہفتے یہ ویڈیو ڈالی تھی اور لکھا تھا 'یہ لڑکا سورو کشن ہے۔ اس کا تعلق کوزیکوڈ سے ہے اور مقامی طور پر اسے چھوٹا رفیع کے طور پر جانا جاتا ہے۔'
خیال رہے کہ کیرالہ وہ ریاست ہے جہاں بہت کم لوگ ہندی یا اردو سمجھتے اور بولتے ہیں۔ کیرالہ کے ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا: 'کیرالہ کے میرے گاؤں میں ایک چھوٹا رفیع ہے۔ یہ کتنا دلچسپ ہے کہ یسوداس کے بعد محمد رفیع کیرالہ میں اتنے متاثر کن رہے ہیں۔'
شمالی ہندوستان کے ہر شہر میں محمد رفیع کی نقل کرنے والے مل جاتے ہیں اور آرکیسٹرا پر ان کے گیت گانے والے نظر آتے ہیں لیکن جنوبی ہند میں یہ کسی عجوبے سے کم نہیں۔ انڈین فلم انڈسٹری میں کئی گلوکار محمد رفیع کی طرز کی وجہ سے بہت مقبول ہوئے۔ ان میں محمد عزیز، انور اور سونو نگم وغیرہ بہت اہم ہیں۔
سورو کشن کی آواز محمد رفیع سے بہت زیادہ مماثلت رکھتی ہے۔
کتے اور انسان کی دوستی مثالی کہی جاتی ہے۔ گذشتہ دنوں انڈیا کی جنوبی ریاست تیلنگانہ میں ایک ہوم گارڈ نوجوان نے تیز بہاؤ والے پانی سے ایک کتے کی جان بچائی ہے۔
اس ویڈیو کو خبر رساں ادارے اے این آئی نے شیئر کیا ہے۔
اے این آئی نے اس ہوم گارڈ جوان کا نام مجید بتایا ہے لیکن دوسری جگہ ان کا نام محمد مجیب بتایا جا رہا ہے۔ لوگوں مجیب کی ہمت اور حوصلے کی خوب داد دے رہے ہیں کیونکہ وہ جے سی بی کا استعمال کرتے ہوئے ناگرکرنول میں ایک بپھری ہوئی ندی سے ایک کتے کو بچاتے ہیں۔
کتا جھاڑیوں میں پھنس گیا تھا لیکن مجیب نے فوری دانشمندی کا ثبوت دیتے ہوئے کتے کی جان بچائی۔

 

کسی نے لکھا کہ 'اپنی جان کو جوکھم میں ڈال کر جان بچانے پر انھیں سلام' تو کسی نے لکھا کہ 'منفی خبروں کے درمیان ایک مثبت خبر نظر آئی ہے۔' کسی نے لکھا کہ 'اس ویڈیو کو دیکھ کر آنکھ بھر آئی' تو کسی نے مجیب کی بہادری پر سر تسلیم خم کیا۔
جب بات جان بچانے کی آ گئی ہے تو جنوبی انڈیا سے ہی ایک زہریلے سانپ کو پکڑنے کی خبر بھی دلچسپی سے خالی نہیں۔
یہ خبر ریاست کرناٹک کی ہے جہاں سانپ پکڑنے کی ایک ماہر خاتون نے کوبرا سانپ کو انتہائی آسانی سے پکڑ لیا اور وہ بھی اس طرح کہ وہ ساڑھی میں ملبوس تھیں۔
ڈاکٹر اجییتا نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا: 'سانپ پکڑنے والی وراٹ بھاگینی ایک شادی میں جانے کے لیے تیار تھیں کہ انھیں ایک گھر سے سانپ پکڑنے کے لیے بلایا گیا اور وہ اسی لباس میں بغیر کسی مخصوص آلے کے وہاں پہنچی اور بہت اطمینان سے سانپ کو پکڑ لیا۔
دوسرے سوشل میڈیا صارفین بتاتے ہیں کہ وہ سانپ پکڑنے والی نظارا چیٹی ہیں اور وہ کرناٹک کی رہنے والی ہیں۔
وہ ویڈیو میں ایک ڈنڈے سے سانپ کی توجہ مبذول کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، وہ یہ کہتی بھی سنی جا سکتی ہیں کہ ساڑھی کی وجہ سے انھیں سانپ پکڑنے میں دشواریوں کا سامنا ہے۔
اس ویڈیو کو تقریبا پانچ لاکھ بار ٹوئٹر اور اس سے زیادہ بار ’ریڈ اٹ‘ پر دیکھا گیا ہے۔ نظارا چیٹی کے لیے بھی سوشل میڈیا پر لوگوں نے خوب تعریف کی بطور خاص ساڑھی جیسے لباس میں ملبوس ہونے کے باوجود انھوں نے جس مہارت کا مظاہرہ کیا وہ زیادہ قابل ستائش تھا۔

شیئر: