Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ’پب جی‘ کا جنازہ اور سائیکل کی ’جُگاڑ‘

انڈیا نے حال ہی میں چین کی 100 سے زیادہ ایپس پر پابندی لگائی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
آم کے آم گٹھلیوں کے دام۔ یہ محاورہ ان دنوں ایک خاتون کی اختراع پر صادق نظر آ رہا ہے۔ انڈیا میں ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں ایک خاتون ورزش والی سائیکل کا استعمال گندم پیسنے کے لیے کر رہی ہیں۔
ویسے انڈیا میں 'جُگاڑ' کے نئے نئے طریقے سامنے آتے رہتے ہیں لیکن لوگ اس نئی دریافت کو پسند کر رہے ہیں۔
اس ویڈیو کو ضلع مجسٹریٹ اونیش سرن نے شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'غضب کی دریافت' اس میں ایک خاتوں جم کی سائیکل چلا رہی ہیں جس میں معمولی سی تبدیلی کے ساتھ گندم پیسنے کا بھی کام ہو رہا ہے۔ ورزش کی ورزش اور کام کا کام۔

 

انھوں نے لکھا: 'غضب کی ایجاد، کام بھی اور ورزش بھی، اور کمنٹری بھی شاندار۔'
اس ویڈیو میں ایک خاتون بغیر ویڈیو میں آئے سائیکل سے گندم پیسنے کے فوائد پر بات بھی کرتی جا رہی ہیں  اور اسے خواتین کے لیے بے حد فائدہ مند قرار دے رہی ہیں۔
یہ ویڈیو تین دن قبل شیئر کی گئی اور اسے اب تک سات لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے اور تقریباً پانچ ہزار لائکس مل چکے ہیں۔
انڈیا نے چین کے ساتھ جاری تنازعے کے پیش نظر حال ہی میں مزید سو سے زیادہ چینی ایپس پر پابندی لگا دی ہے جس میں معروف گیمنگ ایپ 'پب جی' یعنی پلیئرز ان نون بیٹل گراؤنڈ بھی شامل ہے۔
اس کے کھیلنے والے لت کی حد تک اس کے دلدادہ تھے اور اس کا اچانک بند کیا جانا بہت سے لوگوں کو دھچکہ لگا ہے۔

بہت سے لوگ دوسری ایپس کے بارے میں بھی تشویش کا شکار ہو گئے ہیں۔ لوگوں نے یہ بھی تلاش کرنا شروع کر دیا کہ 'کال آف ڈیوٹی' نامی گیم کا تعلق تو چین سے نہیں ہے۔
سوشل میڈیا میں اس پر گرما گرم بحث رہی اور لوگوں نے میمز شیئر کیں، لیکن حد تو اس وقت ہو گئی جب لوگوں نے اپنی پسندیدہ گیم کے جانے کا دکھ مناتے ہوئے اس کا باقاعدہ جنازہ نکالا۔
انھوں نے پب جی کے پوسٹر پر پھول کی مالا ڈالی اور اسے اپنے کندھوں پر اٹھایا۔ وہ سب سفید لباس میں ملبوس تھے اور اس کے ساتھ وہ 'ونر ونر چکن ڈنر' کا نعرہ لگا رہے تھے۔

انڈیا کی معروف گلوکارہ آشا بھوسلے گذشتہ ہفتے سات ستمبر کو 87 سال کی ہو گئیں۔ ان کے جنم دن پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دو معمر خواتین ان کے معروف گیت 'پیا اب تو آجا' پر سڑک کے بیچ و بیچ ڈانس کر رہی ہیں۔
پٹھان کا بچہ نامی صارف نے اس 15 سیکنڈ کی ویڈیو کو پوسٹ کرتے ہوئے اسے 'کیوٹ' قرار دیا ہے۔ انھوں نے یہ پوسٹ اس سے ایک ہفتے قبل کی تھی لیکن یہ بعد میں وائرل ہوئی۔
اس سے جہاں آشا بھوسلے کی مقبولیت کا اندازہ ہوتا ہے وہیں کسی بھی عمر میں اپنے انداز میں خوشی منانے کی آزادی کا بھی احساس ہوتا ہے۔
آشا بھوسلے انڈیا میں پاپ کوئین کے نام سے جانی جاتی ہیں اور انھوں بہت سے مقبول ترین گیت گائے ہیں۔ یہ گیت سنہ 1971 میں ریلیز ہونے والی فلم 'کارواں' کا ہے اور ہیلن نے اس پر اداکاری کی ہے۔ لوگوں نے اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ہیلن کو بھی یاد کیا ہے۔

شیئر: