Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے سعودی عرب کے لیے 13 مزید پروازوں کی اجازت

پروازوں کی جزوی بحالی کے بعد ہزاروں مسافر پاکستان سے سعودی جانے کے لیے ٹکٹس ملنے کے منتظر ہیں۔ فوٹو: روئٹرز
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کو سعودی عرب کے لیے مزید پروازوں کی اجازت ملنے کے بعد 21 سے 30 ستمبر تک 13 اضافی پروازیں چلائی جائیں گی۔ 
پی آئی اے کے ترجمان عبد اللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’سعودی حکام کی جانب سے صرف 13 مزید پروازیں چلانے کی اجازت ملی ہے جس کے بعد تقریبا تین ہزار مزید مسافروں کو پاکستان سے سعودی عرب لے جایا جائے گا۔‘  
خیال رہے کہ پاکستان انٹرنینشل ایئر لائنز نے سعودی عرب کے لیے 28 مزید پروازیں چلانے کی درخواست کی تھی۔  
ترجمان کے مطابق سعودی حکومت نے فی الوقت 13 مزید پروازوں کی اجازت دی ہے جو کہ پاکستان سے سعودی عرب جانے والے خواہشمند مسافروں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے انتہائی کم ہیں۔  

 

انہوں نے کہا ’ان پروازوں میں سماجی فاصلہ رکھنے کی بھی شرط عائد کی گئی ہے جس کے بعد صرف 3 ہزار سے بھی کم مسافروں کو ٹکٹس دی جا سکیں گی۔‘  
واضح رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے فضائی سفر پر عائد پابندیاں جزوی طور پر ختم ہونے کے بعد پاکستان سے سعودی عرب جانے والی 23 پروازوں کے ٹکٹس ایک ہی دن میں فروخت ہو گئے تھے۔  
پی آئی اے کے سربراہ ایئر مارشل ارشد ملک نے پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی سے ملاقات میں 28 مزید پروازیں چلانے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔  
پی آئی اے حکام کے مطابق ’ہماری کوشش ہے کہ سعودی عرب جانے کے خواہش مند مسافروں کو جلد از جلد پہنچایا جائے تاکہ ویزے کی مدت ختم ہونے کے مسائل درپیش نہ ہوں۔ 28 پروازوں کی درخواست مسافروں کے بڑھتے ہوئے رش کو دیکھ کر کی گئی تھی اور تقریبا 9 ہزار مسافروں کو لے جانے کا پلان ترتیب دیا گیا تھا تاہم سماجی فاصلے کی شرط کے ساتھ 13 پروازوں میں 3 ہزار سے بھی کم مسافر سفر کر پائیں گے۔  

پاکستان نے سعودی حکام سے 28 اضافی پروازیں چلانے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔ فوٹو: روئٹرز

واضح رہے کہ پی آئی اے کی محدود فلائٹس کے باعث چند ایجنٹس اور عناصر کی طرف سے اضافی کرائے وصول کرنے کی شکایات بھی سامنے آئی تھیں جس پر سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے نوٹس بھی لیا۔  
پی آئی اے حکام نے صارفین کو ٹکٹ کی قیمت سے زیادہ پیسے نہ ادا کرنے کی ہدایت کی ہے اور زیادہ پیسے طلب کرنے پر پی آئی اے کے ای میل ایڈرس ([email protected]) پر شکایت درج کرنے کا کہا ہے۔  
ترجمان عبداللہ حفیظ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی سعودی عرب کے لیے پرواز کا کرایہ بشمول تمام ٹیکس 84 ہزار روپے ہے، کوئی بھی ایجنٹ پانچ ہزار سے زائد کمیشن وصول نہیں کر سکتا جو کہ اس کرائے میں شامل ہے۔ 
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: