Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان اور افغان صدر کا ٹیلی فونک رابطہ

افغان امن عمل اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔(فوٹو سوشل میڈیا)
وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کے صدر اشرف غنی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ افغان امن عمل و دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم نے افغان امن عمل کے لئے پاکستان کی پختہ حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ ان کوششوں سے امریکہ طالبان امن معاہدہ اور بین الافغان مذاکرات کے آغاز کی صورت میں مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
انہوں نے دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے متعلقہ فریقین کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔
وزیراعظم نے افغانستان میں فائر بندی کے سلسلہ میں تشدد میں کمی کے لیے کام کرنے والے تمام افغان فریقین کی اہمیت پر زور دیا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ تمام افغان شراکت داروں کو اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے افغان حکومت اور افغان عوام کی قیادت میں اجتماعی جامع سیاسی معاہدہ کےلیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان افغان عوام کی جانب سے اپنے مستقبل کے لیے کیے جانے والے فیصلوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ تعمیری تعلقات اور افغان عوام کےلیے امن، استحکام و خوشحالی کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔
 افغان قومی مصالحتی کونسل کے چیئرمین عبداﷲ عبداﷲ اگلے ہفتے اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم نے افغانستان کے دورہ کی دعوت دینے پر صدر اشرف غنی کا شکریہ ادا کیا اور جلد دورہ کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔

شیئر: