پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کی تحریک ناکام، ’صدر ٹرمپ کی اہم سیاسی کامیابی‘
پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کی تحریک ناکام، ’صدر ٹرمپ کی اہم سیاسی کامیابی‘
بدھ 11 نومبر 2026 9:00
مواخذے کی تحریک کینٹکی سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن رکن تھامس میسی نے پیش کی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
ریپبلکن ارکان نے امریکی ایوان نمائندگان میں وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کی کوشش ناکام بنا دی ہے جس کو وسط مدتی انتخابات میں شکست کے بعد صدر ٹرمپ کی جماعت کے لیے اہم سیاسی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایران جنگ کے معاملے پر پیٹ ہیگستھ کے خلاف پیش ہونے والی تحریک پر منگل کو ووٹنگ ہوئی، اس تحریک کو کے حق میں 204 جبکہ مخالفت میں 211 ووٹ پڑے، جس کے بعد بدھ کو باضابطہ الزامات عائد کرنے کے لیے متوقع ووٹنگ مؤخر ہو گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ قرارداد ریپبلکن رکن تھامس میسی نے پیش کی تھی، جو صدر ٹرمپ کے ناقد ہیں۔ وہ اپنی جماعت کے واحد رکن تھے جنہوں نے قرارداد کو کمیٹی میں بھیجنے کی مخالفت کی۔
صدر ٹرمپ نے مواخذے کی ناکامی کو ’ایک عظیم امریکی محب وطن کی مکمل بریت‘ قرار دیا (فوٹو: اے ایف پی)
یہ تحریک ایک ایسے وقت میں پیش کی گئی ہے جب ایک ہفتہ قبل ہی صدر ٹرمپ کی جماعت کو وسط مدتی انتخابات میں بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
کینٹکی سے تعلق رکھنے والے رکن تھامس میسی کی تحریک میں آٹھ آرٹیکلز کا ذکر ہے جن میں پیٹ ہیگستھ پر کانگریس کی منظوری کے بغیر غیر قانونی طور پر جنگ چھیڑنے اور پینٹاگون کے سربراہ کی حیثیت سے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے الزامات بھی شامل تھے۔
جنوری تک ایوان میں ریپبلکنز کو معمولی اکثریت حاصل رہے گی اس کے بعد ڈیموکریٹس کانگریس کے دونوں ایوانوں کا کنٹرول سنبھال لیں گے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اس فیصلے کو ’ایک عظیم امریکی محب وطن کی مکمل بریت‘ قرار دیا۔
اسی طرح پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اسے مکمل کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کمیٹی میں اس مواخذے کی کوشش کو ختم کرنے کے منتظر ہیں، جہاں حقائق سامنے آئیں گے اور یہ غیر ضروری معاملہ ختم ہو جائے گا۔