پاکستان میں ایک لاکھ 8 ہزار خاندان غربت سے نکل آئے، پاورٹی ایلیویشن فنڈ
پی پی اے ایف کے مطابق ادارے نے اب تک 84 لاکھ مائیکرو کریڈٹ قرضے فراہم کیے
پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف) کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) پر انحصار کرنے والے ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد خاندان غربت سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
پی پی اے ایف کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ تعداد پروگرام کے تحت معاونت حاصل کرنے والے 3 لاکھ 38 ہزار خاندانوں کا 32 فیصد ہے۔ یہ پیش رفت نیشنل پاورٹی گریجویشن پروگرام (این پی جی پی) کے تحت سامنے آئی، جس پر 2017 سے 2025 تک ملک کے 21 اضلاع میں عمل درآمد کیا گیا۔
پروگرام کے دوران 3 لاکھ 70 ہزار 567 سے زائد خاندانوں کو آمدنی کے ذرائع بہتر بنانے کے لیے مویشی، چھوٹے کاروبار کے اثاثے اور فنی تربیت فراہم کی گئی۔
پروگرام کے آزادانہ جائزے کے مطابق اس سے مستفید ہونے والے 80 فیصد افراد انتہائی غربت سے نکلے جبکہ 56 فیصد خاندان بی آئی ایس پی کی اہلیت کے معیار سے اوپر آ گئے۔ پروگرام کے نتیجے میں ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے جبکہ خواتین کو بااختیار بنانے کے اشاریے میں 48 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پی پی اے ایف کے مطابق ادارے نے اب تک 84 لاکھ مائیکرو کریڈٹ قرضے فراہم کیے، جن میں سے 60 فیصد خواتین کو دیے گئے۔ اس سہولت سے 50 لاکھ سے زائد خواتین مستفید ہوئیں۔
اسلام آباد میں ’غربت سے خوشحالی تک‘ کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں غربت سے نکالنے کے لیے قومی سطح پر مستقل پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی اے ایف کے چیف ایگزیکٹیو نادر گل بریچ نے بتایا کہ ادارہ اس وقت ملک کے 157 اضلاع میں 164 شراکت دار تنظیموں کے ذریعے 26 لاکھ 70 ہزار خاندانوں کی معاونت کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ادارہ اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون سے 13 کروڑ 26 لاکھ ڈالر کے ایک منصوبے پر بھی کام کر رہا ہے، جس کا مقصد سیلاب سے متاثرہ افراد اور انتہائی غریب خاندانوں کی مدد کرنا ہے۔
