خوشاب: بریک فیل ہونے پر ڈرائیور کُود گیا، سٹیئرنگ سنبھالنے والے مسافر نے درجنوں جانیں کیسے بچائیں؟
خوشاب: بریک فیل ہونے پر ڈرائیور کُود گیا، سٹیئرنگ سنبھالنے والے مسافر نے درجنوں جانیں کیسے بچائیں؟
بدھ 11 نومبر 2026 7:31
ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے شہری کو توصیفی سرٹیفکیٹ سے نوازا (فوٹو: خوشاب پولیس)
مسافر بس کی بریکس فیل ہونے اور ڈرائیور کے کود جانے کے بعد ایک مسافر نے گاڑی کا سٹیئرنگ سنبھالتے ہوئے حادثے بچا لیا، جس پر ان کو توصیفی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا ہے۔
خوشاب پولیس کے ترجمان کے مطابق واقعہ منگل کو راولپنڈی سے سرگودھا جانے والی گاڑی کے ساتھ اس وقت پیش آیا جب وہ پیل چوک کے قریب سے گزر رہی تھی۔
گاڑی کی رفتار بہت زیادہ نہیں تھی تاہم بریکس فیل ہوتے ہی ڈرائیور کی حالت سے سواریوں کو صورت حال کا اندازہ لگانے میں زیادہ دیر نہیں لگی اور افراتفری پھیل گئی۔
تاہم صورت حال اس وقت گمبھیر ہو گئی جب ڈرائیور گاڑی کو روکنے کی کوشش کے بجائے اچانک نیچے کود گیا۔
اس کے ساتھ ہی چلتی گاڑی لہرانے لگی، جس پر مسافر گھبرا گئے۔
گاڑی میں موجود ایک شخص جس کا نام پولیس کی جانب سے نہیں بتایا گیا، نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے ڈرائیور کی سیٹ سنبھال لی اور گاڑی کو سڑک پر آگے بڑھاتا رہا۔
پولیس کے مطابق واقعہ خوشاب کے علاقے پیل چوک کے قریب پیش آیا (فوٹو: فیس بک، سیاحت)
اس دوران دوسرے مسافروں نے بھی اس کی مدد کی اور بالآخر گاڑی کو روکنے میں کامیاب رہے اور تمام مسافر بھی بحفاظت نیچے اتر گئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے گاڑی روکنے والے شہری کے لیے توصیفی سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا جو ان کو بعدازاں دے دیا گیا۔
اس موقع پر ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے مذکورہ شخص کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہادری، حاضر دماغی اور انسانی جانوں کا تحفظ قابلِ تحسین عمل ہے۔