سعودی پاک ایکویٹی فنڈ، ’ابتدائی ہدف 50 کروڑ، آگے کئی ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا‘
سعودی پاک ایکویٹی فنڈ، ’ابتدائی ہدف 50 کروڑ، آگے کئی ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا‘
بدھ 11 نومبر 2026 10:50
عارف حبیب کا کہنا تھا کہ فنڈ کی رجسٹریشن اور قانونی منظوری کے عمل میں کم از کم تین ماہ لگ سکتے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب اور پاکستان کے مجوزہ ’پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ‘ شامل پاکستانی سرمایہ کار عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب نے کہا ہے کہ دونوں ممالک نے ابتدائی طور پر 50 کروڑ ڈالر کا مشترکہ سرمایہ کاری فنڈ قائم کرنے کا مںصوبہ بنایا ہے جسے مستقبل میں کئی ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ تاہم اس منصوبے پر عمل درآمد کے لیے حکومتی منظوری، سرمایہ کاروں کی دلچسپی اور منافع بخش منصوبوں کی نشاندہی ضروری ہو گی۔
سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے مطابق اس فنڈ کی 75 فیصد رقم پاکستان جبکہ باقی 25 فیصد سعودی عرب میں سرمایہ کاری پر خرچ کی جائے گی۔
عارف حبیب نے عرب نیوز سے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ فنڈ کی رجسٹریشن اور قانونی منظوری کے عمل میں کم از کم تین ماہ لگ سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں متعلقہ ممالک میں فنڈ کی انتظامی کمپنی رجسٹر کرانے کا کام شروع ہو چکا ہے۔
ان کے مطابق ’منصوبے کا مقصد ابتدا میں 50 کروڑ ڈالر جمع کرنا اور بعد میں اس رقم کو بڑھا کر کئی ارب ڈالر تک پہنچانا ہے۔ اس کا انحصار دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کے مواقع ملنے پر ہو گا۔‘
انہوں نے پیر کو فنڈ کے افتتاح کے موقع پر پاکستانی سرمایہ کاروں کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جو اس فنڈ کے قیام کی جانب پہلا قدم ہے۔
ان کے مطابق ’قانونی منظوری کا عمل مکمل ہونے کے بعد سرمایہ کاروں کو فنڈ میں رقم انویسٹ کرنے کی دعوت دی جائے گی۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کی جانب سے دلچسپی ظاہر کی گئی ہے، تاہم باقاعدہ سرمایہ کاری اور رقوم کی فراہمی فنڈ کے قیام کے بعد شروع ہو گی۔
فنڈ کا افتتاح پیر کو ہوا تھا (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کی جانب سے اس منصوبے میں شامل کمپنیوں میں العجلان گروپ، طیبہ گروپ، رائم گروپ، الشریف گروپ، سعودی میٹرز کمپنی، سمو گلوبل انویسٹمنٹ، بن داؤد انویسٹمنٹ، اسیاد ہولڈنگ گروپ اور ریڈ سی گیٹ وے ٹرمینل شامل ہیں۔
ان کمپنیوں کا تعلق سرمایہ کاری، رئیل اسٹیٹ، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور لاجسٹکس سمیت مختلف شعبوں سے ہے۔ تاہم ان کی شرکت کا مطلب یہ نہیں کہ انہوں نے فنڈ میں سرمایہ لگانے کا حتمی وعدہ کر لیا ہے۔
اس فنڈ کے ذریعے زراعت، کان کنی، ٹیکنالوجی، صنعت، تعمیرات، جائیداد اور بنیادی ڈھانچے کے منافع بخش منصوبوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔
عارف حبیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ کئی منصوبوں کی نشاندہی اور ان پر بات چیت ہو چکی ہے، تاہم ابھی انہیں حتمی شکل دیا جانا باقی ہے۔
ان منصوبوں میں کراچی سے پشاور تک ریلوے لائن ون (ایم ایل ون) کی تعمیر اور سرکاری زمینوں کو ترقی دینے کے منصوبے شامل ہیں۔
مجوزہ فنڈ کے لیے ایک بورڈ اور انتظامی کمیٹی قائم کی جائے گی، جس میں سعودی اور پاکستانی نمائندے شامل ہوں گے (فوٹو: عرب نیوز)
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں بھی ٹیکنالوجی، تیل، تعمیرات اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کیے جا سکتے ہیں۔
مجوزہ فنڈ کے لیے ایک بورڈ اور انتظامی کمیٹی قائم کی جائے گی، جس میں سعودی اور پاکستانی نمائندے شامل ہوں گے۔ اس کا چیف ایگزیکٹو دونوں ممالک کی مشاورت سے مقرر کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس بار دونوں ممالک کے نجی شعبے کو اس منصوبے کی قیادت دی گئی ہے۔ انہیں امید ہے کہ نجی سرمایہ کاروں کی شمولیت سے یہ منصوبے عملی سرمایہ کاری میں تبدیل ہو سکیں گے۔
سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے پیر کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ یہ فنڈ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مضبوط معاشی بنیاد فراہم کرے گا۔
ان کے مطابق ’پاکستان سعودی عرب کا قدرتی شراکت دار ہے اور سعودی سرمایہ کار ایسے شراکت داروں اور منڈیوں کی تلاش میں ہیں جہاں وہ اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری اور کاروبار کو فروغ دے سکیں۔‘