Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرمپ کا ’بڑی ریلی‘ سے خطاب کا اعلان

ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے حوالے سے تاحال کوئی بیان نہیں جاری ہوا۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد انتخابی مہم میں واپسی کا آغاز سنیچر کو عوامی تقریب میں خطاب سے کریں گے، جبکہ صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے ٹرمپ کو ’لا پروا‘ قرار دیا ہے۔ 
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم میں واپسی کا آغاز وائٹ ہاؤس میں منعقد ہونے والی عوامی تقریب سے ہوگا جس سے وہ خود بھی خطاب کریں گے۔
ایک امریکی عہدیدار کے مطابق صدر ٹرمپ کے عوامی خطاب کا مقصد ان کی صحت کے حوالے سے شکوک و شبہات دور کرنا ہے۔
صدر ٹرمپ نے آئندہ ماہ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کی مہم بحال کرنے کی غرض سے پیر کو ریاست فلوریڈا میں بھی ریلی سے خطاب کا اعلان کیا ہے۔
ٹرمپ کے سیاسی حریف اور ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے ٹرمپ کی عوامی تقریبات میں شرکت کرنے والوں کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ کورونا سے متاثر ہونے کے بعد صدر ٹرمپ کا ذاتی رویہ ’لا پرواہی‘ پر مبنی ہے جو امریکی حکومت کو غیر مستحکم کر رہا ہے۔
دوسری جانب کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر صدارتی مباحثے سے متعلق کمیشن نے آئندہ ہفتے جمعرات کو ہونے والے مباحثے کو آن لائن لنک کے ذریعے نشر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 

کورونا کا شکار ہونے کے بعد صدر ٹرمپ کو انتخابی مہم معطل کرنا پڑی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی

صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کی ڈائریکٹر نے کمیشن کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صدارتی بحث روکنے کی کوئی طبی وجوہات نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ 2 اکتوبر کو صدر ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وہ تین روز تک ہسپتال میں زیر علاج رہے تھے جس کے باعث انہیں اپنی صدارتی مہم معطل کرنا پڑی تھی۔ 
صدر ٹرمپ نے پیر کو ریاست فلوریڈا میں منعقد ہونے والی انتخابی ریلی کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے ’بہت بڑی ریلی‘ میں شرکت کا اعلان کیا۔
اے ایف پی کے مطابق وائٹ ہاؤس صدر ٹرمپ کے کورونا وائرس سے مکمل صحتیابی کے حوالے سے خدشات کو نظر انداز کر رہا ہے، نہ ہی وائٹ ہاؤس نے صدر ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ منفی ہونے کے حوالے سے کوئی  بیان جاری کیا ہے۔
امریکہ میں اب تک دو لاکھ 13 ہزار شہری کورونا کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 76 لاکھ سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: