Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈونلڈ ٹرمپ ملٹری ہسپتال منتقل، ’طبیعت ٹھیک ہے‘

صدر ٹرمپ کو سنیچر کی رات کو ملٹری ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔ فوٹو اے ایف پی
کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو علاج کے لیے ملٹری ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق صدر ٹرمپ کو جمعے کی رات والٹر ریڈ ملٹری ہسپتال میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو کورونا سے متاثر ہونے کے بعد انتخاباتی مہم بھی معطل کرنا پڑی ہے۔
جبکہ آئندہ ماہ نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں صدر ٹرمپ کے حریف اور ڈیموکریٹ جماعت سے تعلق رکھنے والے سابق نائب صدر جو بائیڈن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ہسپتال کے لیے روانہ ہونے سے پہلے اٹھارہ سیکنڈز کا ویڈیو پیغام اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کیا ہے۔
امریکی صدر نے اپنے  پیغام میں کہا کہ وہ ہسپتال میں داخل ہونے جا رہے ہیں تاہم ان کی طبیعت ٹھیک ہے۔
انہوں نے اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے حوالے سے بتایا کہ ان کی طبیعت بھی ٹھیک ہے۔
وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ طبی ماہرین نے صدر ٹرمپ کو آئندہ چند دنوں کے لیے والٹر ریڈ ہسپتال میں قائم صدارتی دفتر سے اپنے فرائض سرانجام دینے کو کہا ہے۔
بیان کے مطابق صدر ٹرمپ کو احتیاطی بنیادوں پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے تاکہ کورونا وائرس کی معتدل اعلامات بگڑنے نہ پائیں۔
قبل ازیں 74 سالہ ٹرمپ کے مشیر مارک میڈوز نے کہا تھا کہ صدر میں کورونا وائرس کی ’معتدل‘ علامات ہیں اور تواناں ہونے کے ساتھ صدر ٹرمپ کے حوصلے بلند ہیں۔
جمعے کی رات کو وائٹ ہاؤس کے معالج شون کونلی نے جاری  بیان میں کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کو اینٹی باڈی کاکٹیل ریجنرون کی ایک خوراک دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے علاج کے لیے ریجنرون کے کلینکل تجربات جاری ہیں، تاہم ڈرگ اتھارٹی نے فی الحال اس کے استعمال کی منظوری نہیں دی ہے۔
جمعرات کی رات کو ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ ان کا اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کر رہے ہیں۔
اس سے قبل ایک اور ٹویٹ میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ ان کی مشیر ہوپ ہکس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان کے اور اہلیہ میلانیا ٹرمپ کا بھی ٹیسٹ ہوا ہے جس کا نتیجہ آنے تک انہوں نے خود کو قرنطیہ کر لیا ہے۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: