Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زرداری کی طبیعت ناساز، ہسپتال میں داخل

گذشتہ برس اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری کو ضمانت پر رہا کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو اتوار کی شام طبیعت ناساز ہونے پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا چیک اپ کیا جا رہا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل کی جانب سے اتوار کی رات جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر کی طبیعت بگڑنے کی وجہ سے انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز ان کے چیک اپ کے ساتھ ضروری ٹیسٹ بھی کر رہے ہیں۔

 

پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر کو کراچی کے نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
آصف زرداری کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین نے نجی چینل جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر کو شوگر لیول کم ہونے پر کچھ وقت کے لیے ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے ابتدائی طور پر کچھ ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن کی رپورٹ آنے کے بعد ان کا علاج کیا جائے گا۔
آصف زرداری میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں ضمانت پر ہیں۔ گذشتہ برس اسلام آباد ہائی کورٹ نے انہیں طبی بنیادیوں پر ضمانت پر رہا کیا تھا۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے وکلا کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا تھا کہ ان کے موکل کئی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔
سابق صدر کے وکلا نے کہا تھا کہ وہ دل کے مریض ہیں اور ان کے دل میں تین سٹنٹس موجود ہیں۔

شیئر: