Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

السعودیہ کی گیسٹ ڈیجیٹل سروس میں بکنگ کی سہولت

السعودیہ نے اپنی ایپ میں تمام نئی خدمات مہیا کردی ہیں- فوٹو: ایس پی اے
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مسافروں کے لیے نئی خدمات کا اضافہ کیا ہے جو سمارٹ آلات پر ایپلی کیشن کے ذریعے مہیا ہوں گی۔  
السعودیہ شہری ہوابازی کی دنیا میں جدید ترین تبدیلیوں کے سنگ چلتے ہوئے جدید ڈیجیٹل خدمات میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔  
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق السعودیہ نے گیسٹ ڈیجیٹل سروس میں سفری سہولت بہتر بنانے کا موقع فراہم کیا ہے۔ ڈیجیٹل سروس کے ذریعے یہ پتہ لگایا جاسکتا ہے کہ آپ کا سامان کب کہاں پہنچا۔ علاوہ ازیں متعدد پروازوں کی بکنگ میں بھی سہولت دی جانے لگی ہے۔ 
السعودیہ کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کے مطابق معلومات کی سکریننگ کے ذریعے مسافروں کے کوائف کا اندراج تیزی سے کیا جا رہا ہے۔ مسافر کو بتایا جاتا ہے کہ ایئرپورٹ پر گاڑی کہاں کھڑی ہوگی۔ 
بیان میں کہا گیا کہ سابقہ خدمات کے ساتھ نئی خدمات بھی مسافروں کو مہیا ہوں گی۔ ریزرویشن، ٹکٹ خریدنے، آن لائن ادائیگی، کریڈٹ کارڈز کا خود کار سسٹم کے ذریعے استعمال، سفری کارروائی تیزی سے نمٹانا، بورڈنگ کارڈ کا ایپ میں اندراج، ریزرویشن وغیرہ سے متعلق تمام معلومات کا حصول اور ریزرویشن میں ھجری تاریخ کے استعمال کی سہولت بھی دی ہے۔
السعودیہ نے اپنی ایپ میں یہ تمام سہولیات مہیا کردی ہیں جسے ایپل اور اینڈرائڈ سسٹم پر اب تک 66 لاکھ سے زیادہ افراد ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: