Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سمارٹ کھجور‘ پروگرام کیا ہے؟ 

سعودی وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے ریاض شہر کے الدرعیہ مقام پر ’سمارٹ کھجور‘ پروگرام کا آغاز کیا ہے اور یہ 21 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
ریاض، قصیم، حائل، الجوف، تبوک اور مدینہ منورہ کے علاقوں میں کاشتکاروں کو کھجوروں کی کاشت کے عصری طریقے سمجھانے کے لیے پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ’سمارٹ کھجور‘ سے مراد کھجور کا مصنوعی درخت ہے۔ ڈیجیٹل سکرین میں کھجور کی کاشت کا مکمل پروگرام فیڈ کیا گیا ہے۔
نخلستانوں کے مالکان کو شجرکاری، قلمکاری، آبپاشی، کھاد کے ذریعے افزائش سمیت تمام امور سادہ اور عصری انداز میں سمجھائے گئے ہیں۔
سمارٹ کھجور کا آئیڈیا پیش کرنے والے انجینیئر عبداللہ شیبان نے بتایا کہ سمارٹ کھجور سے ہمارا مقصد کاشتکاروں میں کھجوروں کے باغات سائنٹیفک انداز میں لگانے کا شعور پیدا کرنا ہے۔
سمارٹ کھجور میں 156 ویڈیوز ہیں۔ یہ پرنٹر سے بھی لیس ہے۔ اسے وائی فائی کے ذریعے بھی جوڑا گیا ہے۔
اس سے ہر کاشتکار اپنی ضرورت اور پسند کی معلومات حاصل کرسکتا ہے۔ مطلوبہ معلومات پرنٹ کرسکتا ہے اور معلومات اپنے موبائل پر منتقل کر سکتا ہے۔
زرعی رہنمائی اور ریسرچ کے ادارے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر بندر الصقھان نے بتایا کہ یہ عرب دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے۔ سعودی عرب میں اس درجے کا پروگرام پہلی بار منعقد کیا جا رہا ہے۔
270 افراد کاشت کاروں کی مدد کے لیے موجود ہیں۔ چھ علاقوں میں اس پروگرام کو رائج کیا جائے گا جو نخلستانوں کے لیے مشہور ہیں۔

شیئر: