Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اتوار سے بیرون ملک سے عمرہ زائرین کی آمد

تیسرے مرحلے میں یومیہ 20 ہزارافراد عمرہ ادا کریں گے(فوٹو، ٹوئٹر)
محدود عمرہ پروگرام کے تیسرے مرحلے کا آغاز اتوار یکم نومبر 2020 سے کیا جارہا ہے- تیسرے مرحلے میں مختلف ممالک سے عمرہ زائرین کی آمد شروع ہو جائے گی-
مسجد الحرام میں کورونا وائرس کے حوالے سے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کر لی گئی ہیں ۔تیسرے مرحلے میں روزانہ کی بنیاد پر 20 ہزارعمرہ زائرین اور 60 ہزارافراد  نمازباجماعت جبکہ 19500 افراد زیارت کرسکیں گے-  
العربیہ نیٹ کے مطابق سیکریٹری حج و عمرہ برائے حج و عمرہ خدمات ڈاکٹر عمرو المداح نے بتایا کہ بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کے لیے تمام  انتظٓامات مکمل کرلیے گئے-
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) بین الاقوامی پروازوں سے عمرہ زائرین کو سفر کی سہولت مہیا کرے گی-

عمرہ کےلیے زائرین گروپ کی شکل میں حرم شریف جائیں گے(فوٹو، ٹوئٹر)

 عمرہ زائرین کو ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر رجسٹرڈ کمپنیوں کے اہلکار خوش آمدید کہیں گے-
ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں سے زائرین کو مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ بسوں کے ذریعے منتقل کیا جائے گا-
بسوں میں حفظان صحت کے جملہ انتظامات ہوں گے- عمرہ زائرین کو حرم شریف کے آس پاس واقع تھری اور فائیو سٹار ہوٹلوں میں ٹھہرایا جائے گا-
ہر عمرہ زائر مملکت آمد کے بعد 3 دن تک آئسولیشن میں رہے گا- اس کے بعد محفوظ طریقے سے اسےعمرہ کرایا جائے گا-
مکہ مکرمہ ایوان صنعت و تجارت نے وزارت حج و عمرہ کے تعاون سے خصوصی پروگرام منعقد کیا جس کا عنوان تھا  ’غیرمعمولی عمرہ ضوابط کا تعارف‘ ـ
پروگرام کے دوران عمرہ موسم 1442 کے لیے مقررہ ایس او پیز پر روشنی ڈالی گئی-  ذمہ داران نے بتایا کہ زائرین کو معیاری خدمت فراہم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کی استعداد کس طرح بڑھائی گئی ہے- 
المداح نے بتایا کہ بیرون مملکت سے آنے والوں کے لیے عمرے کا طریقہ کار مقرر کردیا گیا ہے- 
اس کے تحت عمرہ زائر کو نجی اور صحت معلومات کے ساتھ عمرہ کی درخواست دینا ہوگی- 
عمرہ زائرین کا ہر گروپ زیادہ سے زیادہ پچاس افراد پر مشتمل ہوگا اس میں ان ملکوں کے زائرین ہی شامل ہوں گے جن کے لیے عمرہ کی اجازت دی گئی ہے- 
عمرہ پیکیج کی مارکیٹنگ کرنے والے یا بیرونی عمرہ ایجنٹ کی موجودگی بھی لازمی ہوگی-  
عمرہ پیکیج کے بعد اعلی درجے کی مکمل عمرہ خدمات مہیا ہوں گی- ہر ملک کی صورتحال کے پیش نظر پروازوں کی بکنگ کی جائے گی- 

عمرہ زائرکو 3 دن آئسولیشن میں رکھنے کے بعد حرم شریف لے جایاجائے گا(فوٹو، ٹوئٹر)

وزارت حج و عمرہ ، وزارت صحت اور امراض سے بچاؤ کے قومی مرکز نے مل کر ان ملکوں کی درجہ بندی کی ہے جہاں سے عمرہ زائرین آئیں گے- اسی تناظر میں عمرہ زائرین کے لیے حفاظتی اقدامات مقرر کیے گئے ہیں- 
المداح نے بتایا کہ ہر روز 10 ہزار عمرہ زائرین کی بکنگ ہوگی- ایک دن میں پانچ سو گروپوں کو عمرہ کا موقع دیا جائے گا-  
بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کی عمر  18 سے 50 برس تک مقرر کی گئی ہے- زائرمملکت آمد سے 72 گھنٹے قبل کورونا نیگیٹو ٹیسٹ  پی سی آر رپورٹ بھی پیش کرنا ہوگی

شیئر: