Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجارت میں اضافہ ہوا لیکن ابھی بہت کام باقی ہے: سفیر پاکستان

سفیر پاکستان نے جدہ میں کمیونٹی اور صحافیوں کے نمائندہ افراد سے الگ الگ ملاقات کی (فوٹو: اردو نیوز)
سفیر پاکستان راجا علی اعجاز نے کہا ہے کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کی لازوال دوستی کی تاریخ بہت پرانی ہے جو وقت کے ساتھ مزید پروان چڑھ رہی ہے۔ آج بھی دوستی کا رشتہ مضبوط ہے‘۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کو مسترد کیا جس میں کہا گیا تھا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں سرد مہری آئی ہے۔
سفیر پاکستان نے جدہ میں کمیونٹی اور صحافیوں کے نمائندہ افراد سے علیحدہ خطاب اور ان سے کمیونٹی مسائل، پاک سعودی تعلقات اور دیگر امور پر کھل کر تبادلہ خیال کیا۔

پاکستانی کمیونٹی سکولوں کے فیس سٹرکچر کا جائزہ لیا جائے گا (فوٹو: اردو نیوز)

انہوں نے کورونا وائرس کے دوران شاہ سلمان بن عبدالعریز اور ولی عہد کی موثر انسان دوست اور سماجی و اقتصادی پالیسیوں کی تعریف کی اور کہا کہ ’انہوں نے نہ صرف شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بلا امتیاز سہولتیں فراہم کیں بلکہ مملکت میں وبا کو کنٹرول کرنے میں بھی بھر پور مدد کی ہے‘۔
راجا علی اعجاز نے مملکت میں مقیم کمیونٹی کو یقین دلایا کہ ’سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی سکولوں کے فیس سٹرکچر کا جائزہ لیا جائے گا‘۔
انہوں نے سعودی عرب میں ملازمت کے نئے معاہدے کا بھی خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تارکین خصوصاً پاکستانیوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

سفیر پاکستان نے کمیونٹی کو درپیش مسائل پر اپنے خیالات سے آگاہ کیا (فوٹو: اردو نیوز)

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’تجارت میں اضافہ ہوا ہے لیکن ابھی بہت کام باقی ہے۔ ریاض اور جدہ میں کمرشل سیکشن کو تجارت بڑھانے کے لیے ہم آہنگی سے کوشش کرنی چاہیے‘۔
کمیونٹی اجتماع میں سوال جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں سفیر پاکستان نے کمیونٹی کو درپیش مسائل پر اپنے خیالات اور اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔
سفیر پاکستان نے کمیونٹی ارکان اور صحافیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کی جانب سے مسائل کی نشاندہی ہمارے کام کو آسان بناتی ہے۔
اس موقع پر قونصل جنرل خالد مجید، قونصل ویزہ، ملک طارق اور پریس قونصل حمزہ گیلانی بھی موجود تھے۔

شیئر: