Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردوغان کے داماد وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی

بیان میں صحت کی خرابی کو استعفی کی وجہ قرار دیا ہے۔(فوٹو اے ایف پی)
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کے داماد نے اتوار کو  ملک کے وزیر خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
 بیرات البیارک نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک بیان میں صحت کی خرابی کو اپنے استعفی کی وجہ قرار دیا۔
عرب نیوز کے مطابق بیرات البیارک نے انسٹاگرام پر کہا ’ تقریباً پانچ سال وزارتی عہدوں پر خدمات انجام دینے کے بعد میں نے صحت کے مسائل کی وجہ سے (وزیر خزانہ کی حیثیت سے) اپنے فرائض جاری نہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
بیان کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ زیادہ وقت گزاریں گے جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ  میں نے انہیں ’نظرانداز کیا۔‘

یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ان کا استعفیٰ قبول کیا جائے گا یا نہیں۔( فائل فوٹو اے پی)

واضح رہے کہ بیرات البیارک کی شادی اردوغان کی بڑی بیٹی ایسرا سے ہوئی اور وہ 2018 سے وزیر خزانہ رہے ہیں۔ اس سے پہلے وہ 2015 اور 2018 کے درمیان وزیر توانائی تھے۔
ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ان کا  استعفیٰ قبول کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ رواں سال کے شروع میں جب ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا تو صدر اردوغان نے اسے قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا اور سویلو آج بھی اپنے عہدے پر قائم ہیں۔
بیرات البیارک کا استعفیٰ صدر اردوغان کی جانب سے مرکزی بینک کے گورنر کو برطرف کرنے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔

شیئر: