Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مفت کورونا ویکسین کے لیے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی رجسٹریشن شروع

سعوی عرب نے کورونا ویکسین کے لیے اپنے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی رجسٹریشن شروع کر دی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’آج منگل سے تمام سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی ویکسین کے حصول کے لیے رجسٹریشن شروع کرسکتے ہیں‘۔ 
’کورونا ویکسین کے حصول کے لیے اس وقت رجسٹریشن ’صحتی ایپ‘ کے ذریعے کی جارہی ہے۔‘ 
وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’سعودی قیادت کی ہدایت پر کورونا ویکسین شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے لیے بالکل مفت ہوگی‘۔ 

 

’ویکسین شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو تین مراحل میں دی جائے گی‘۔ 
’پہلے مرحلے میں وہ شہری اور مقیم غیر ملکی ویکسین لیں گے جن کی عمریں 65 سال سے زیادہ ہے یا وہ جن کے کام کی نوعیت کے باعث وائرس لگنے کا خطرہ زیادہ ہے‘۔ 
وزارت صحت کے مطابق ’اسی مرحلے میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جنہیں حد سے زیادہ موٹاپا لاحق ہے، جن میں قدرتی مدافعتی نظام میں کمزوری ہے یا مدافعتی نظام کی بحالی کی ادویات لیتے ہیں، جنہیں مستقبل بیماری لاحق ہے، سانس کا مسئلہ ہے، گردوں یا دل کا عارضہ یا شریانوں کی بیماری ہے‘۔ 
’دوسرے مرحلے میں وہ شہری اور مقیم غیر ملکی شامل ہیں جن کی عمر 50 سال سے زیادہ ہے یا وہ افراد صحت کے شعبے سے وابستہ ہیں‘۔ 
وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’اسی مرحلے میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جنہیں سانس، ذیابیطس، گردوں ، دل یا شریانوں کے علاوہ کینسر کا مرض لاحق ہے یا جو درمیانے موٹاپے کا شکار ہیں‘۔ 
’دو مرحلوں کے بعد تیسرا مرحلہ ہوگا جس میں وہ تمام شہری اور غیر ملکیوں کو ویکسین دی جائے گی جو اسے لینے کے خواہش مند ہیں‘۔ 
وزارت نے توجہ دلائی ہے کہ کورونا وائرس کے انسداد کے لیے سعودی عرب ان اولین ممالک میں شامل ہے جنہوں نے پیشگی منصوبہ بندی اور تدابیر اختیار کی ہیں۔ 

’کورونا ویکسین شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو تین مراحل میں فراہم کی جائے گی‘ (فوٹو: اے ایف پی) 

اسی طرح سعودی عرب ان اولین ممالک میں سے ہے جہاں کے رہائشیوں کو ویکسین فراہم کی جارہی ہے۔
دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ توکلنا ایپ میں بہت جلد کورونا ویکسین کے لیے پیشگی وقت لینے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق حکومتی ایپلی کیشنز چلانے والے ادارے سدایا نے کہا ہے کہ ’ویکسین کی دستیابی پر ایپ میں پیشگی وقت لینے کا آپشن دیا جائے گا‘۔
’ایپ کے علاوہ ویب سائٹ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی آپشن کے آغاز کا اعلان کیا جائے گا‘۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’توکلنا ایپ گوگل پلے ، ایپ سٹور اور ایپ گلیکسی میں دستیاب ہے جہاں سے اسے موبائل پر آسانی سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے‘۔
’ایپ میں سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے متعدد سہولتیں موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے‘۔

شیئر: