Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیرین ایئر کو سعودی عرب اور یو اے ای کے لیے پروازیں چلانے کی اجازت

فلائٹ آپریشن کے لیے سیرین ایئر لائن نے نئے طیارے لیز پر حاصل کر لیے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے نجی ایئر لائن سیرین کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے لیے پروازیں چلانے کی اجازت دے ہے۔
سیرین ایئر لائن متوقع طور پر جنوری 2021 سے جدہ، ریاض، دبئی اور شارجہ کے لیے براہِ راست پروازیں چلائے گی۔
سعودی عرب کی ایوی ایشن اتھارٹی پہلے ہی دو شہروں کے لیے سیرین ایئرلائن کو پروازوں کی اجازت دے چکی ہے۔ اس فلائٹ آپریشن کے لیے سیرین ایئر لائن نے نئے بوئینگ A380 اور ایئر بس 777 طیارے لیز پر حاصل کر لیے ہیں۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں سیرین ایئر لائن کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے لیے آپریشن پلان جمع کروانے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد جلد ہی فلائٹ شیڈول کا اعلان متوقع ہے۔
واضح رہے کہ سیرین ایئر لائن نے اکتوبر کے مہینے میں ہی سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں ٹریول ایجنٹ نیٹ ورک قائم کرنا شروع کر دیا تھا۔
سیرین ایئر لائن کے نمائندہ فیضان احمد کا کہنا تھا کہ ایئر لائن نے مملکت میں دفاتر قائم کر لیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے سبب عالمی لاک ڈاؤن کی وجہ سے مشرق وسطی کے لیے پروازیں چلانے میں تاخیر ہوئی لیکن اب یہ پروازیں اگلے برس سے شروع ہوں گی۔
ایوی ایشن ماہر اور سکائی ونگز ایئر لائن کے ڈائریکٹر عمران اسلم نے اردو نیوز کو بتایا کہ حالیہ دنوں میں پاکستانی ہواباز انڈسٹری میں ہونے والی مثبت تبدیلیوں سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستانی مارکیٹ میں کتنا پوٹینشل ہے، اس لیے بین القوامی ایئر لائن پاکستان آنا چاہ رہی ہیں۔

سعودی عرب پہلے ہی دو شہروں کے لیے سیرین ایئرلائن کو پروازوں کی اجازت دے چکی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

’کووڈ کی وجہ سے جہاں دنیا بھر میں ہوابازی کی صنعت متاثر ہوئی، لیکن اس کے برعکس پاکستانی مارکیٹ فروغ پا رہی ہے، نئی ایئر لائن لانچ ہوئی، بین الاقوامی ایئر لائن ورجن اٹلانٹک نے آپریشن سٹارٹ کیے، اور سیرین بھی سعودی عرب اور دبئی کے لیے پروازیں شروع کر رہی ہے۔‘
عمران اسلم کا کہنا تھا کہ مزدوری کی غرض سے ہزاروں پاکستانی سعودی عرب آتے جاتے ہیں جبکہ حج اور عمرہ کے لیے حجاز مقدس کا سفر بھی لاکھوں پاکستانی کرتے ہیں جس بنا پر یہ ہوائی روٹ سب سے زیادہ منافع بخش گردانا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نجی ایئر لائن ایئر سیال اور سیرین ایئر دونوں اس روٹ میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

شیئر: