Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورجن اٹلانٹک کا پاکستان کے لیے پروازوں کا اعلان

ورجن اٹلانٹک پاکستان کے لیے پروازیں شروع کرنے والی دوسری برطانوی کمپنی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
برطانوی ایئرلائن ورجن اٹلانٹک نے لندن اور مانچسٹر سے پاکستان کے لیے رواں سال دسمبر سے پروازوں کے آغاز کا اعلان کیا ہے تاہم پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق فی الحال فضائی سروس شروع کرنے کی منظوری نہیں دی گئی ہے۔
برٹش ایئرویز کے بعد ورجن اٹلانٹک پاکستان کے لیے پروازیں شروع کرنے والی دوسری برطانوی کمپنی ہوگی۔
برطانوی فضائی کمپنی ورجن اٹلانٹک نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ٹکٹوں کی فروخت کا سلسلہ ستمبر سے شروع ہو جائے گا۔
تاہم پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان عبدالستار کھوکھر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’پاکستان نے تاحال برطانوی فضائی کمپنی ورجن اٹلانٹک کو ملک میں فضائی سروس شروع کرنے کی منظوری نہیں دی ہے۔‘ 
انہوں نے مزید بتایا کہ ’برطانوی حکومت کی جانب سے ورجن اٹلانٹک ایئرلائن کو فضائی سروس کے آغاز کے حوالے سے کوئی درخوست تاحال موصول نہیں ہوئی۔‘
ترجمان عبدالستار کھوکھر کا کہنا تھا کہ ایئر سروسز معاہدے میں پاکستان کو فضائی سروسز دینے والی تمام کمپنیوں کے نام موجود ہیں جبکہ ورجن اٹلانٹک اس معاہدے کا حصہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’اگر ورجن اٹلانٹک پاکستان کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنا چاہتی ہے تو برطانوی حکومت پاکستان کے دفتر خارجہ کے ذریعے رابطہ کرے گی، اس کے بعد پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔‘ 
ورجن اٹلانٹک کے پاکستان کے لیے نمائندے صغیر احمد نے اردو نیوز کو واضح کیا کہ ’ورجن اٹلانٹک نے پاکستان میں فضائی آپریشن شروع کرنے کے لیے تمام دستاویزات جمع کروا دی ہیں اور ہم پر امید ہیں کہ 20 دسمبر سے قبل ہمیں آپریشن شروع کرنے کی اجازت مل جائے گی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ورجن اٹلانٹک پاکستان میں فضائی آپریشن شروع کرنے کی خواہاں ہے اور 20 دسمبر 2020 سے فضائی آپریشن شیڈول ہے۔‘
ورجن اٹلانٹک ایئرلائنز نے لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ سے لاہور اور اسلام آباد جبکہ مانچسٹر سے اسلام آباد کے لیے پراوزیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ 
برطانوی فضائی کمپنی ورجن اٹلانٹک لندن سے اسلام آباد کے لیے ہفتے میں 4 اور لاہور کے لیے 3 پروازیں چلائے گی، جبکہ مانچسٹر سے ہفتے میں 4 بار ورجن اٹلانٹک کی فلائٹس اسلام آباد کے لیے اُڑان بھریں گی۔ 
ورجن اٹلانٹک پہلی بار پاکستان میں اپنی فضائی سروس کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔ برٹش ایئرویز کے بعد ورجن اٹلانٹک پاکستان کے لیے پروازیں شروع کرنے والی دوسری برطانوی کمپنی ہے۔ 
ورجن اٹلانٹک ایئرویز کا شمار برطانیہ کی ایک بڑی فضائی کمپنی میں کیا جاتا ہے تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے ایوی ایشن انڈسٹری دنیا بھر میں متاثر ہوئی ہے۔ پروازیں معطل ہونے سے ورجن اٹلانٹک بدترین مالی بحران کا شکار ہوئی اور اس پر دیوالیہ پن کا خدشہ منڈلاتا رہا ہے۔ 
 کمپنی نے بڑے مالی پیکج کی منظوری ملنے کے بعد پاکستان میں فضائی سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔  
ورجن اٹلانٹک کے چیف کمرشل آفیسر جوہا جارونین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کمپنی نے صارفین کی مانگ کو دیکھ کر اپنے نیٹ ورک کو وسیع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ لوگوں کو بہترین سفری سہولیات مہیا کی جا سکیں۔
’لاہور اور اسلام آباد دونوں ہی سال بھر کی مشہور منزلیں ہیں اور ہم اپنے جہازوں پر مسافروں کا استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔‘

شیئر: