Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی اداروں کے خلاف تقریر، علی وزیر کا 30 دسمبر تک جسمانی ریمانڈ

علی وزیر کے خلاف درج مقدمے میں ملک سے بغاوت اور غداری کی دفعات بھی شامل ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
کراچی کی ایک عدالت نے  قومی اداروں کے خلاف تقریر کے کیس میں پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی وزیر سمیت پانچ ملزمان کو 30 دسمبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ 
سنیچر کو علی وزیر سمیت 5 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا اور اس کیس کے تفتیشی افسر کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے انھیں 30 دسمبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
علی وزیر کے خلاف کراچی کے تھانہ سہراب گوٹھ  میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں بغاوت اور غداری کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے الزام لگایا کہ سہراب گوٹھ جلسے میں ملزم علی وزیر سمیت دیگر نے اشتعال انگیز تقاریر کیں اور ملزمان کی جانب سے جلسے میں نعرے بازی بھی کی گئی۔
تفتیشی افسر کے مطابق شرانگیز تقریر میں ریاستی اداروں، پولیس اور رینجرز کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال بھی کیا گیا۔
یاد رہے کہ ملزم علی وزیر کو پشاور سے گرفتار کرنے کے بعد جمعے کو کراچی پہنچایا گیا تھا۔ 
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے حوالے سے تفتیشی افسر نے کہا کہ مقدمے میں 100 سے زائد ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

شیئر: