Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی پہلی سعودی خاتون مشیر’رانیا نشار‘

پاکستان میں بھی ’سامبا‘ کی آپریشنل ہیڈ کے طورپر خدمات انجام دیں(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ میں پہلی بار انتہائی اہم عہدے پرایک سعودی خاتون کو فنڈ کے گورنر کی مشیر متعین کیا گیا ہے۔
سعودی ماہر معیشت و امور بینکاری ’رانیا نشار‘ مالیاتی اداروں میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ 
ویب نیوز ’عاجل‘ کے مطابق رانیا نشارکو معاشی اور مالی امور میں وسیع تجربہ رکھنے کی بنیاد پر یہ اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ 
رانیا محمود نشار اس سے قبل مختلف مالی اداروں میں اہم ذمہ داریوں پرفائز رہی ہیں ۔ انہوں نے ’سامباگروپ ‘میں  سی ای او کے طور پر فروری 2017 سے 21 دسمبر 2020 تک خدمات انجام دیں۔  
ان کا شمار پہلی سعودی خاتون کے طور پر ہوتا ہے جو مملکت میں بینکنگ سیکٹر میں  اہم عہدوں پر فائز رہی ہیں۔ 

انسداد منی لانڈرنگ میں اسپیشلائزیشن کی ڈگری امریکہ سے حاصل کی- (فوٹو عاجل)

رانیا نشار نے شاہ سعود یونیورسٹی سے 1997 میں کمپیوٹر سائنس اور آئی ٹی میں گریجویشن کی- بعدازاں انہوں نے امریکہ سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں مختلف کورسز کئے۔ علاوہ ازیں رانیا نشار نے انسداد منی لانڈرنگ میں اسپیشلائزیشن کی ڈگری امریکہ سے حاصل کی۔ 
وہ بینکنگ سیکٹر میں 22 برس کا تجربہ رکھنے والی پہلی سعودی خاتون ہیں جنہوں نے ’سامبا کیپٹل‘ اور پاکستان میں سامبا بینک ، سامبا انٹرنیشنل مارکیٹنگ لمیٹڈ میں اہم عہدوں کے علاوہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ مارچ 2019 میں انہیں ’اکنامک مارکیٹنگ اتھارٹی‘ نے مشاورتی رکن کے طور پر منتخب کیا۔ 
اپریل 2019 میں رانیا نشار کو ’انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل فنانس‘ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن کے طور پر منتخب کیا گیا- دسمبر 2019 میں انہیں سعودی فضائی اتھارٹی کے بورڈ کی رکن بھی بنایا گیا، جون 2020 میں سعودی کابینہ کی جانب سے انہیں نیشنل سینٹر برائے کوالٹی کنٹرول کی رکن کے طور پر مقرر کیا گیا۔ 

خواتین میں موثر کن شخصیت

رانیا نشار کو 2018 اور 2019 کے لیے فوربز نے دنیا کی موثر خواتین کی فہرست میں بھی شامل کیا۔ 
امریکی فوربز میگزین میں انہیں 2018 کی  مشرق وسطی کی دس نمایاں اور موثر کن خواتین شخصیات میں سے چوتھے نمبر قرار دیا گیا۔ 
اگست 2020 میں انہیں ’عرب خواتین اتھارٹی‘ کی جانب سے انہیں سال 2020 کی بہترین عرب خاتون کا ایوارڈ برائے معیشت اور فنانس دیا گیا۔

شیئر: