Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر صحت کا جدہ ویکسینیشن سینٹر کا دورہ

وزیر صحت نے شہریوں اور غیر ملکیوں سے ملاقات کی- (فوٹو عیون)
وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے جدہ میں کورونا ویکسینیشن سینٹر کا دورہ کیا۔ وزیر صحت نے ویکسین لگوانے کے لیے آنے والے شہریوں اور غیر ملکیوں سے بھی ملاقات کی-
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق دورے کے موقع پر وزیر صحت کے ہمراہ ریجنل امور صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مشعل السیالی کے علاوہ دیگر اہم عہدیدار بھی موجود تھے۔ 
ویکسینیشن سینٹر میں وزیر صحت اور انکے ہمراہ وفد کو ویکسین لگانے کے مراحل کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ سینٹر کے استقبالہ کاونٹرز کے کام کرنے کے طریقے کے حوالے سے وزیر صحت کو بتایا گیا کہ ویکسین لگوانے لیے آنے والوں کے شناختی کارڈ سے ان کی رجسٹریشن کی کنفرمیشن کی جاتی ہے- بعدازاں انہیں متعلقہ ڈاکٹر کے پاس بھیجا جاتا ہے جس کے بعد ویکسین لگائی جاتی ہے۔ 
وزیر صحت نے سینٹر میں کام کرنے کے طریقے کا بغور جائزہ  لے کر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور وہاں خدمات انجام دینے والے طبی عملے کے کام کو سراہا۔ 
دورے کے اختتام میں وزیر صحت نے وہاں موجود شہریوں اور غیر ملکیوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے سینٹر کے بارے میں رائے معلوم کی۔ 

سینٹر کا عملہ ڈیٹا کے مطابق نمبر جاری کرتا ہے- (فوٹو اخبار 24)

واضح رہے سعودی عرب میں کورونا سے بچاؤ کے لیے مفت ویکسین لگوانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے لیے وزارت کی ایپ ’صحتی‘ پر رجسٹر کیا جاتا ہے جہاں سے ویکسین لگانے کے لیے دن، تاریخ اور وقت کا تعین کیا جاتا ہے۔ 
ویکسینیشن سینٹر میں متعدد استقبالہ کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں موجود عملہ آنے والے کا شناختی کارڈ دیکھ کر سسٹم میں موجود ڈیٹا کے مطابق انہیں نمبر جاری کرتا ہے۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: