Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کو ماضی کا حصہ بنانے کے لیے ویکسین اہم ذریعہ ہے: وزیر صحت

ویکسین کا ہر پہلو سے تجزیہ کیا گیا ہے (فوٹو: اخبار 24)
وزیر صحت  ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا ہے کہ کورونا کے مکمل خاتمے اور اسے ماضی کا حصہ بنانے کے لیے ویکسین اہم ترین ذریعہ ہے۔ 
ویب نیوز اخبار 24 نے وزیر صحت کے ٹویٹ کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ کورونا کے لیے تیار کی جانے والی ’فائزر بائیو این ٹک‘ ویکسین کی مملکت میں منظوری تمام مراحل کے کامیاب تجربے کے بعد ہی دی گئی ہے۔ 

وزیر صحت نے سب سے  پہلے خود کورونا ویکسین لگوائی (فوٹو: سبق)

وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ ویکسین کی منظوری دیے جانےسے قبل سعودی ماہرین نے مکمل طور پراپنا اطمینان کیا، ویکسین ہی کورونا کے خاتمے اور اسے ماضی کا حصہ بنانے کے لیے انتہائی اہم ذریعہ ثابت ہو گی ‘ 
یاد رہے وزیر صحت ڈاکٹرتوفیق الربیعہ نے سب سے پہلے خود کورونا ویکسین لگوائی تھی جس کے ساتھ ہی اس مہم کا آغاز کیا گیا۔  

ویکسین لگانے کے بعد سردرد اور ہلکا بخار نارمل بات ہے- (فوٹو: عاجل)

واضح رہے سعودی عرب میں کورونا ویکسین لگانے کے لیے ریاض کے سینٹر سے آغاز کیا گیا دوسرے مرحلے میں جمعرات 24 دسمبر کو جدہ سے ویکسینیشن کا آغاز کرتے ہوئے رجسٹر کیے گئے افراد کو ان کی باری کے مطابق ویکسین لگائی گئی۔ 
دوسری جانب وزارت صحت کے ٹوئٹر پر ویکسین کے بارے میں کہا گیا ہے کہ ویکسین ہر طرح سے محفوظ ہے جو افراد اس کے بارے میں غلط اندازے پیش کر رہے ہیں ان کے پاس کوئی سائنسی دلیل نہیں۔ 
وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ویکسین کے بارے اہم معلومات مصدقہ ذرائع سے ہی حاصل کی جائیں۔ اس بارے میں وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ویکسین لگانے کے بعد معمولی سر میں درد اور ہلکا بخار ہو سکتا ہے جو ایک نارمل بات ہے-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: