Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی تاریخ کا خطرناک ترین سیریل کِلر 80 سال کی عمر میں چل بسا

لٹل کا شکار ہونے والوں میں زیادہ تعداد سیاہ فام خواتین کی تھی جن کے کیس حکام دہائیوں تک حل نہیں کر سکے تھے (فوٹو: سکائی نیوز)
امریکی تاریخ کا خطرناک ترین سیریل کِلر بدھ کے روز 80 سال کی عمر میں چل بسا جبکہ پولیس ابھی تک اس کا شکار ہونے والے افراد کی لاشیں اور ان کے لواحقین کو تلاش کر رہی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق سیموئل لٹل نامی شخص نے عمر کے آخری حصے میں 93 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا جو اس نے 19 ریاستوں میں کیے تاہم وہ اتنے خطرناک جرائم کرنے کے باوجود چار دہائیوں تک قانون سے بچا رہا۔
زیادہ تر خواتین لٹل کا نشانہ بنیں، اس نے سیکس ورکرز، نشہ کرنے والے افراد اور غریبوں کو قتل کیا۔
لٹل کا شکار ہونے والوں میں زیادہ تعداد سیاہ فام خواتین کی تھی جن کے کیس حکام دہائیوں تک حل نہیں کر سکے تھے۔
پولیس حکام نے اعتراف کیا ہے کہ اگر سیموئل 2018 میں اعتراف نہ کرتے تو زیادہ تر کیس کبھی حل نہ ہو پاتے جب وہ کیلی فورنیا جیل میں تھے۔
پولیس نے اعتراف کے بعد دو سال تک پرانے کیسز کھلوانے کی کوشش کی تاہم اب بھی نشانہ بننے والے آدھے افراد کا پتا نہیں چلایا جا سکا ہے اور سیموئل کی موت کے بعد مرنے والوں کے خاندانوں کا شاید کبھی پتا نہ چل سکے۔
سیموئل نے 1970 سے لے کر 2005 تک وارداتیں کیں۔
کیلی فورنیا کے صحت حکام کے مطابق سیموئل کی موت بدھ کو صبح کے وقت ہسپتال میں واقع ہوئی۔ 2014 میں انہیں قتل کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے کئی دہائیوں تک ہونے والے قتلوں کے بارے میں انکشاف کیا تھا جس کے بعد تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔

شیئر: