Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عراق: تیل بردار جہاز کو بارودی سرنگ کے باعث خالی کرالیا گیا

جہاز ساحل سے 28 ناٹیکل میل کے فاصلے پر بین الاقوامی پانیوں میں تھا۔ (فوٹو اے پی)
عراق کے ایک تیل بردار جہاز کے خول میں بارودی سرنگ کی موجودگی کے باعث اسے خالی کرا لیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق روئیٹرز نیوز ایجنسی نے عراق کے فوجی ذرائع  کی جانب سے جمعہ کے روز واضح کیا ہے کہ  تیل بردار جہاز کو محفوظ بنانے کے لیے دھماکہ خیز مواد کے ماہرین آئل ٹینکر پر کام کر رہے ہیں۔
عراقی آئل ٹینکر اس وقت خلیج عرب میں عراق کے ساحل سے 28ناٹیکل میل (52کلو میٹر) کے فاصلے پر بین الاقوامی پانیوں میں موجود تھا۔

چند برسوں کے دوران علاقے میں کئی تیل بردار جہازوں پر حملے ہو چکے ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)

عراقی فوج  کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا ہےکہ اس ٹینکر سے جمعرات کی دوپہر دوسرے تیل بردار بحری جہاز میں تیل بھرا جا رہا تھا۔ اسی دوران جہاز میں نصب کی گئی اس ڈیوائس کا پتا چلا۔
سیکیورٹی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دریافت ہونے والی ڈیوائس ایک پیچیدہ قسم  کی سمندری بارودی سرنگ ہے جس میں سینسر بھی لگے ہوئے ہیں۔
یہ کسی بھی وقت اچانک دھماکے سے پھٹ سکتی تھی۔ ذرائع نے کہا کہ ہماری ٹیم کو ایسی بارودی سرنگوں سے پہلے کبھی واسطہ نہیں پڑا۔ ہم نے مزید رہنمائی کے لئے زیادہ پیشہ ور بم ڈسپوزل سکواڈ سے رابطہ کیا ہے ۔

عراقی بحریہ نے پورے علاقے کو اپنی حفاظت میں لے لیا ہے۔ (فوٹو اے پی)

موجود مختلف سیکیورٹی ذرائع نے  بتایا ہے کہ عراقی بحریہ نے علاقے کو اپنی حفاظت میں لے لیا۔ تیل بردار جہاز کو دیگر کشتیوں سے علیحدہ کر دیا ہے۔
علاقے میں کشیدگی بڑھنے کے باعث گزشتہ چند برسوں کے دوران خلیج عرب اور بحیرہ احمر میں کئی تیل بردار جہازوں پر حملے ہو چکے ہیں۔
فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ بارودی سرنگ اس تیل بردار بحری جہاز کے ساتھ کس طرح منسلک کی گئی تھی۔
فوج  کے مطابق یہ آئل ٹینکر عراقی آئل مارکٹنگ آرگنائزیشن’’سومو‘‘ سے ایک نامعلوم کمپنی نے کرائے پر لے رکھا تھا جس کی شناخت جاری نہیں کی گئی۔
 

شیئر: